بینکنگ کورٹ میں 5نادہندگان کے خلاف کروڑوں روپے قرض ریکوری کے دعوے دائر

بینکنگ کورٹ میں 5نادہندگان کے خلاف کروڑوں روپے قرض ریکوری کے دعوے دائر

لاہور(نامہ نگار )مختلف مالیاتی اداروں کی جانب سے بینکنگ کورٹ میں 5نادہندگان کے خلاف کروڑوں روپے قرض ریکوری کے دعوے دائر کر دیئے گئے ہیں۔ عدالت نے نادہندگان کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیاہے۔ایس ایم ای لیزنگ لمیٹڈ نے بینکنگ کورٹ میں میسرز شریف اینڈ سنزکے خلاف ایک کروڑ انتالیس ہزار قرض کی ریکوری کا دعویٰ دائر کیا ہے۔ ایچ بی ایل بینک نے میسرز جلال پورہ پولٹری فارم مالکان کیخلاف ایک کروڑ ستائیس لاکھ اور اللہ ہو پولٹری سروس کیخلاف ترتالیس لاکھ اکانوے ہزار قرض کی ریکوری کا دعوی دائر کیا ہے جبکہ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن نے میسرز علمدار ڈیری فارم مالکان کیخلاف سترہ لاکھ سینتیس ہزار اور فیصل بینک انتظامیہ نے میسرز لال دین اینڈ سنز کیخلاف اکاسی لاکھ ستر ہزار قرض کی ریکوری کا دعوی دائر کیا ہے، مالیاتی اداروں کی جانب سے دعوؤں میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نادہندگان نے معاہدہ کے مطابق قرض کی واجب الادا رقم واپس نہیں کی ان کیخلاف ڈگری جاری کی جائے تاکہ ان کے اثاثے نیلام کرکے ان سے قرض کی رقم وصول کی جا سکے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4