بریکنگ نیوز۔۔۔خبر کی تعریف ۔۔ ٹاک شوز۔ چودھری نثار علی خان

بریکنگ نیوز۔۔۔خبر کی تعریف ۔۔ ٹاک شوز۔ چودھری نثار علی خان
بریکنگ نیوز۔۔۔خبر کی تعریف ۔۔ ٹاک شوز۔ چودھری نثار علی خان

  

برادرم نعمان احمد نے ہمارت الیکٹرانک میڈیا پر چلنے والی بریکنگ نیوز کے حوالہ سے ایک پیغام بھیجا ہے، جو قارئین کی خدمت میں بلا تبصرہ پیش کر رہا ہوں۔ اس پر تبصرہ اس لئے نہیں کر رہا کہ پیغام اس قدر جامع ہے کہ اس پر تبصرہ غیر ضروری ہی ہو گا۔

بریکنگ نیوز ۔۔۔۔۔۔ مرغی نے انڈہ دے دیا۔

ناظرین ابھی ابھی خبر موصول ہوئی ہے کہ لاہور کے نواحی گاؤں میں ایک مرغی نے انڈہ دیا ہے۔ اطلاع کے مطابق اب سے کچھ دیر پہلے لاہور کے نواحی گاؤں میں ایک مرغی نے انڈہ دیا ہے۔

بونگا نیوز کے نمائندہ موقع پر موجود ہیں، ان سے پوچھتے ہیں۔

جی عارف۔ آپ کوکیا نظر آرہا ہے، مرغی نے انڈہ دیا ہے۔

جی شازیہ۔ ہم یہاں موجود ہیں، اب سے کچھ دیر پہلے مرغی نے انڈہ دیا ہے۔ بونگا نیوز نے علاقہ کے ایس ایچ او سے رابطہ کیا ہے اور انہوں نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ مرغی نے انڈہ دیا ہے۔

جی ناظرین ۔۔۔ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ مرغی سے رابطہ ہو۔

عارف یہ بتائے۔۔۔ اس معاملہ میں آپ کا مرغی کے اہل خانہ سے کوئی رابطہ ہو ا ہے،کیا کہتے ہیں وہ کیا مرغی نے انڈہ دیا ہے۔

جی شازیہ ۔۔۔ اس وقت ہم مرغی کے چچا کے پاس کھڑے ہیں اور ان کا بھی یہی کہنا ہے کہ مرغی نے انڈہ دیا ہے۔

عارف یہ بتایئے ۔۔۔ اس وقت کیا صورتحال ہے، مرغی اور انڈہ دونوں کیسے ہیں۔

جی شازیہ۔ ۔۔۔ اس وقت تمام کاروبار معمول کے مطابق چل رہے ہیں، مرغی سے ہمارا رابطہ نہیں ہو سکا، مگر اطلاعات یہی ہیں کہ مرغی اور انڈہ دونوں خیریت سے ہیں۔

ہم ناظرین کو بتاتے چلیں کہ لاہور کے نواحی گاؤں میں ایک مرغی نے انڈہ دیا ہے، یہ خبر سب سے پہلے ہم نے آپ تک پہنچائی ہے۔

اب تک کے لئے اتنا ہی، ملتے ہیں اگلی بریکنگ نیوز پر۔

ویسے تو میڈیا میں خبر کی تعریف ہی یہ پڑھائی جاتی ہے کہ کتے نے انسان کو کاٹا یہ کوئی خبر نہیں ہے، بلکہ اگر انسان کتے کو کاٹے یہ خبر ہے۔ یہ الگ بات ہے کہ آجکل ایسے انسانوں کی بھر مار ہو گئی ہے جو ہر وقت کتوں کو کاٹتے رہتے ہیں اور اگر میڈیا کو کسی وقت ایسے انسان نہ ملیں جو کتوں کو کاٹ رہے ہوں تو میڈیا والے ازخود خبر پیدا کرنے اور پھر اس کو مزید سنسنی خیز کرنے کی کوشش میں لگ جاتے ہیں۔

یہ کہنا بھی غلط نہ ہو گا کہ اب تو میڈیا والے کرائے پر ایسے انسان بھی حاصل کر لیتے ہیں جو ان کے لئے خصوصی طور پر کتوں کو کاٹیں تا کہ کسی خاص چینل کی بریکنگ اور exclusive breaking news بن سکے۔

کتوں کو انسانوں سے کٹوانے کے اس عمل نے شہر بھر کے کتوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے اور کتوں نے بھی اپنی یونین بنانے اور اپنے کتے حقوق کی جد وجہد کے لئے ایک باقاعدہ تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

کتوں کی اس یونین نے الیکٹرانک میڈیا کے بریکنگ نیوز کے رسیا نمائندوں کو خبر دار کیا ہے کہ اگر انہوں نے انہیں انسانوں سے کٹوا کر بریکنگ نیوز بنانے کا سلسلہ بند نہ کیا تو وہ پورے شہر میں کتا کتا کر دیں گے اور پھر ایسی کتا کتا ہو گی کہ شہر کی تاریخ یاد کرے گی۔

الیکٹرانک میڈیا پر ٹاک شوز کے حوالہ سے بھی ملک بھر کے سیاستدان پریشان ہیں اور انہوں نے اس ضمن میں ضابطہ اخلاق بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹاک شوز کے رسیا ان سیاستدانوں نے کہا ہے کہ ٹی وی پر جعلی لڑائیاں کر کر کے تھک گئے ہیں اور اب ان میں مزید جعلی لڑ ائی کرنے کا کوئی حوصلہ نہیں ہے۔ جس طرح بندر اور یچھ کے تماشہ کو اگر آپ زیادہ مرتبہ دیکھ لیں تو آپ کی اس میں دلچسپی ختم ہو جاتی ہے۔ اسی طرح روز روز ہماری جعلی لڑائیاں دیکھ کر عوام کی بھی ہم میں دلچسپی ختم ہو گئی ہے۔ آپ دیکھیں کہ اس کا اس سے بڑا اور کیا ثبوت ہو گا کہ ریحام خان کا شو بھی تبدیلی کے نام پر مطلوبہ ریٹنگ حاصل نہیں کر سکا۔ جس طرح گزشتہ سال دھرنے بھی تبدیلی کے نام پر مطلوبہ ریٹنگ نہ حاصل کر سکے تھے۔

تازہ خبرآئی ہے کہ چودھری نثار علی خان اور خورشید شاہ کے درمیان پریس کانفرنسوں کی لڑائی بھی جعلی نکلی ہے اور یہ میچ بھی فکس تھا۔ اس کا مقصد خورشید شاہ کی گرتی ہوئی ساکھ کو نہ صرف سہارا دینا تھا بلکہ اس کے ساتھ ان کے ماضی کے گناہوں کو دھو کر انہیں سیاسی طور پر ڈرائی کلین بھی کرنا تھا، تا کہ وہ دوبارہ ایک سال تک حکومت کو ایک فری اور فرینڈلی اپوزیشن مہیا کر سکیں۔ اس خصوصی ٹاسک کو بہترین طریقہ سے انجام دینے پر وزیراعظم اور دیگر حکومتی حلیفوں نے چودھری نثار علی خان کو تمغہ جمہوریت عطا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتا یا گیا ہے کہ چودھری نثار علی خان نے یہ ٹاسک اسٹیبلشمنٹ کو مکمل طور پر اعتماد میں لیکر کیا ہے اور اسٹیبلشمنٹ انہیں اس پر الگ انعام سے نوازے گی۔ رانا تنویر اس کھیل میں ایک ایکسٹرا تھے اور انہیں آخر تک ساری صورتحال کا علم نہیں ہو سکا۔ اس لئے یہ ان کے لئے سال کا سب سے بڑا اپریل فول قرار دیا گیا ہے۔

مزید : کالم