مسلم لیگ ن کامیانیوں اور تحریک انصاف ناکامیوں کی داستانیں رقم کر رہی ہے: راشد بشیر سیال

مسلم لیگ ن کامیانیوں اور تحریک انصاف ناکامیوں کی داستانیں رقم کر رہی ہے: راشد ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


جوہانسبرگ (انٹرویو۔ندیم شبیر سے) پاکستان مسلم لیگ ن کیپ ٹاؤن کے صدر راشد بشیر سیال نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کامیابیوں اور تحریک انصاف ناکامیوں کی داستانیں رقم کر رہی ہے ۔روز نامہ پاکستان کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ احتجاج پی آئی اے اور اس کے ملازمین کے مفاد میں نہیں کیا جا رہا بلکہ یہ ایک سیاسی کھیل کا حصہ ہے ، عمران خان نے احتجاجی تحریک شروع کرنے کی بات اس لئے کی کہ انہیں پاکستان کی ترقی منظور نہیں اور وہ ملک کی خوشحالی نہیں دیکھ سکتے، پاکستان میں جب بھی ترقی کے دور کا آغاز ہوتا ہے تو عمران خان اس میں رکاوٹیں ڈالنے آ جاتے ہیں، پہلی ناکامی سے عمران خان نے کوئی سبق نہیں سیکھا اور دوبارہ کنٹینر 2 شروع کرنے لگے ہیں، یہ ملک میں عدم استحکام، قومی معیشت کی تباہی اور عوام کو پسماندگی میں رکھنے کی کوشش ہے۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ عمران خان کو سچ بولنے کی توفیق عطا فرمائے۔ جنوبی ایشیا میں پٹرول کی سب سے کم قیمت پاکستان میں ہے۔ عمران خان جب جھوٹ بول رہے تھے تو انہیں پتہ نہیں تھا کہ بھارت میں تیل کی قیمتیں کیا ہیں، بھارت میں اس وقت پاکستانی 97 روپے کا فی لیٹر پٹرول، نیپال میں 95 ، سری لنکا میں 193 اور بنگلہ دیش میں 125 روپے فی لیٹر ہے۔ عمران خان کے منشور میں جن اداروں کی نجکاری کا اعلان کیا گیا ان میں پی آئی اے بھی شامل ہے۔ عمران خان خود اپنے منشور کو بھول کر پی آئی اے کے حوالے سے حکومت پر تنقید کر رہے ہیں۔ ذوالفقار علی بھٹو کے دور حکومت اور پھر 2010ء میں پیپلز پارٹی کے دور میں بھی لازمی سروس ایکٹ کا استعمال کیا گیا لیکن آج پیپلز پارٹی اس کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے۔ اس کا کیا اخلاقی جواز ہے۔ اگر عمران خان کو عوام سے ہمدردی ہے تو وفاقی حکومت کی طرف سے خیبر پختونخوا کو ملنے والے حصہ سے عوام کو مفت پٹرول فراہم کرے۔ راشد بشیر سیال نے کہا کہ جب پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی ہوئی تو وزیراعلیٰ پنجاب نے فوری طور پر ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کروا دی لیکن خیبر پختونخوا میں آج بھی پرانے کرائے چل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں رواں ماہ پھر کمی ہوئی ہے۔ اس وقت پاکستان میں مہنگائی کی شرح 2.3 فیصد پر آ چکی ہے جو پاکستان کی تاریخ میں کبھی اس سطح پر نہیں آئی، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایک طرف عمران خان میٹرو، اورنج لائن اور موٹروے کے منصوبوں کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں اور دوسری طرف وہ باب خیبر منصوبے پر صوبے میں عمل کر رہے ہیں جو کہ کھلا تضاد ہے۔ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی نمائندوں کو مکمل طور پر مفلوج بنا کر رکھ دیا گیا ہے۔ یہ لاوا پھٹنے والا ہے۔ پولیس اصلاحات کا پول جلد کھولیں گے، تعلیمی اصلاحات کی حقیقت بھی سامنے لائی جائے گی۔ انصاف بس، ریونیو وصولی کے حوالے سے بھی حقائق سامنے لائیں گے۔ پٹواری کو غائب کرنے کے دعوے بھی سامنے لائیں گے۔ تحریک انصاف اپنی ناقص کارکردگی کا خمیازہ پورے ملک کو بھگتنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے خوفزدہ ہونے کی ایک وجہ پیپلز پارٹی کی ازسر نو فعالیت کے حوالے سے کی جانے والی کوششیں بھی ہیں۔ ہر چیز پر پوائنٹ سکورننگ کی جا رہی ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی ایک کھلی کتاب ہے اس کو عالمی ادارے بھی سراہا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس چیز کا الزام وہ دوسروں پر لگاتے تھے وہ خود ان پر ثابت ہو چکا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں راشد بشیر سیال نے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں خیبر پختونخوا کی طرح نہ تو 26 قتل ہوئے اور نہ کوئی وزیر بیلٹ باکس لیکر بھاگا۔ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے تمام مراحل خوش اسلوبی سے مکمل ہوئے اور آخری مرحلے کی 8 فروری کو تکمیل کے بعد بہترین بلدیاتی حکومتیں چلا کر دکھائیں گے۔

مزید :

عالمی منظر -