چین اور ڈنمارک کی کمپنیوں سے جنوبی پنجاب میں 2320میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کے معاہدے

چین اور ڈنمارک کی کمپنیوں سے جنوبی پنجاب میں 2320میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جنرل رپورٹر)پنجاب حکومت اورچین و ڈنمارک کی کمپنیوں کے مابین جنوبی پنجاب میں 2320میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے لگانے کے معاہدے طے پاگئے۔یہ معاہدے ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ دو الگ الگ تقاریب میں طے پائے جس کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف تھے ۔پنجاب حکومت اورڈنمارک کے درمیان طے پانیوالے معاہدے کے تحت ڈنمارک کی ونڈ پاور جنریشن کی بین الاقوامی کمپنی ویسٹاز جنوبی پنجاب کے علاقے راجن پور میں 250میگاواٹ کے4ونڈ پاور پلانٹ لگائے گی جبکہ چین کی معروف کمپنی ہیوانینگ شین ڈونگ پاور اورپنجاب حکومت کے مابین ہونیوالے معاہدے کے مطابق چینی کمپنی رحیم یار خان میں 660 میگا واٹ کے2کول پاور پلانٹ لگائے گی۔پنجاب حکومت اور ڈنمارک کی کمپنی ویسٹازکے مابین ہوا سے ایک ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے دوران وزیراعلیٰ نے ویسٹاز کے نائب صدر جیراڈ کیریو کو لیٹر آف انٹنٹ(LOI) دیا،جس کے تحت جنوبی پنجاب میں 250میگاواٹ کے چار ونڈ پاور پراجیکٹس لگائے جائیں گے۔جن پر2ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہو گی۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برس پنجاب میں اعلان کیا گیا تھا کہ جنوبی پنجاب میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے مواقع موجود ہیں اوران علاقوں کی نشاندہی کرلی گئی ہے جہاں ہوا سے بجلی کے حصول کے پلانٹ لگائے جاسکتے ہیں ۔ونڈ کوریڈور کی نشاندہی میں پاکستان کے ڈنمارک کے سابق سفیر جیسپر مولر سورنسن کابہت تعاون رہا ہے ۔ہوا سے بجلی پیدا کرنے میں دنیا کی مشہور کمپنی ویسٹازکے تعاون سے صوبے میں ونڈ کوریڈور کی نشاندہی ہوئی اوراس مقصد کیلئے ڈنمارک کی کمپنی نے ہماری بلامعاوضہ مدد کی جس پر ان کے شکرگزار ہیں۔انہی کاوشوں کے نتیجے میں آج پنجاب حکومت اورڈنمارک کی کمپنی ویسٹاز کے درمیان ہوا سے ایک ہزار میگاواٹ بجلی بنانے کے منصوبے کے حوالے سے یہ سنگ میل حاصل ہوا ہے۔جنوبی پنجاب میں ہوا سے بجلی کے حصول کے250میگاواٹ کے چار یونٹ لگیں گے اورپہلے مرحلے میں 250میگاواٹ کا یونٹ 2018ء میں مکمل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے کایہ منصوبہ دنیا میں ایک بڑا منصوبہ شمار ہو گااورتوانائی کی کمی کے مسلئے پرقابو پانے میں معاون اورمد گار ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ خیال یہ تھا کہ پنجاب میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے امکانات نہیں ہیں لیکن ویسٹاز نے پنجاب میں ونڈ کوریڈور کی نشاندہی کردی ہے اوراب سرمایہ کاروں کو آگے آنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ساہیوال میں 1320میگاواٹ کے کول پاور پلانٹ پرانتہائی تیزرفتاری سے کام جاری اوراس منصوبے پر ساڑھے چھ ماہ قبل کام کا آغاز ہوا تھا اوراب تک 50.8فیصدتعمیراتی کام مکمل ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے منصوبے عموماً پانچ سال میں مکمل ہوتے ہیں۔چین میں بھی اس استعدادکار کے منصوبے تقریباً چار سال میں مکمل ہوئے ہیں تاہم ساہیوال کول پاورپلانٹ مقررہ مدت سے کہیں پہلے مکمل ہوگا۔ڈنمار ک حکومت کی وزرات خارجہ کے پولیٹیکل ڈائریکٹر جیسپر مولرسورنسن جنہوں نے پاکستان میں 2013سے 2015تک سفیر کی حیثیت سے فرائض سر انجام دئیے نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف سے ویسٹاز کو متعارف کروایا تھا ۔ انرجی سیکٹر میں ڈنمارک کی کمپنیوں کیلئے پاکستان ایک حیرت انگیز مارکیٹ کے طور پر سامنے آ رہا ہے اوروہ قابل تجدید توانائی کے حوالے سے آگے بڑ ھ رہا ہے جہاں ڈنمارک کی کمپنیاں کافی مضبوط ہیں ۔ڈنمارک مدت سے ونڈ انرجی کے بانیوں میں سے ہے اور ویسٹاز عالمی طور پر نمایاں ہے ۔ ڈنمارک کی حکومت نے ونڈپالیسی ،تکنیکی ربط اور فنانسنگ کے شعبے میں ڈنمارک کی مہارت کو متعلقہ پاکستانی سٹیک ہولڈرز تک منتقل کرنے کا منصوبہ بنایاہے ۔ 250میگا واٹ کے پہلے پراجیکٹ سے کمرشل آپریشن کے آغاز کا ہدف 2018ہے ۔ ہم حکومت پنجاب کی ساتھ اپنے اشتراک کے اس سنگ میل تک پہنچ کر بہت خوش ہیں ۔ انڈسٹری لیڈنگ سائیٹ ہنٹ ٹیکنالوجی کی مدد سے ویسٹاز نے پنجاب میں ونڈ انرجی کے امکانات تلاش کئے جن پر پہلے غور نہیں کیا گیا تھا ۔ہم تعاون اور مدد فراہم کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہیں او رپراجیکٹ کی فزیبلٹی سٹڈی کی تکمیل، سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملکرکام کرنے ،آرڈرز کو یقینی بنانے اور ان پراجیکٹس کی تعمیر کے آغاز کے حوالے سے آگے کی طرف دیکھ رہے ہیں ۔ ویسٹاز کے نائب صدر جیراڈ کیریونے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ویسٹاز 74ممالک میں ونڈ انرجی فراہم کرتی ہے او ر اس نے 19500لوگوں کو ملازمتیں فراہم کی ہیں ۔ویسٹاز نے انڈسٹری میں دوسروں سے 52فیصد زائد میگا واٹ نصب کئے ہیں اور دنیا بھر میں 71گیگا واٹ کی استعدادکار کے منصوبے لگائے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ویسٹاز پاکستان کی بڑھتی ہوئی مارکیٹ میں اہم کردارادا کرکرنے کیلئے پرعزم ہے ۔اس موقع پر صوبائی وزراء شیر علی خان،عائشہ غوث پاشا، چےئرمین منصوبہ بندی و ترقیات اور دیگر حکام بھی موجودتھے ۔قبل ازیں پنجاب حکومت اورچین کی کمپنی ہیوانینگ شین ڈونگ پاور کے مابین آج یہاں 1320میگاواٹ کے کول پاور پلانٹ لگانے کے معاہدے پر دستخط ہوئے ۔اس منصوبے پر تقریباً2ارب ڈالر سرمایہ کاری ہوگی۔معاہدے کے تحت چینی کمپنی رحیم یار خان میں 660 میگاواٹ کے 2 کول پاور پلانٹ لگائے گی۔پنجاب حکومت کی جانب سے سیکرٹری توانائی اسد الرحمان گیلانی اورچین کی کمپنی کے صدر وینگ وین ژونگ نے معاہدے پر دستخط کیے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت اورچین کی کمپنی کے مابین 1320میگاواٹ کے کول پاور پلانٹ کا معاہدہ خوش آئند ہے۔پنجاب حکومت چینی کمپنی کو منصوبے پر عملدر آمد کیلئے ہر ممکن سہولتیں فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ دوست ممالک کے تعاون سے ملک کے اندھیرے دور کرنے کیلئے تیزرفتاری سے کام شروع ہوچکا ہے ۔ساہیوال کول پاورپراجیکٹ کو تیزرفتاری سے آگے بڑھایا جارہا ہے ۔منصوبے کا 50فیصد تعمیراتی کام مکمل ہوچکا ہے ۔ ساہیوال کول پاور پراجیکٹ رفتار،شفافیت اوراعلی معیار کی نئی تاریخ رقم کررہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ منصوبے میں1.8ارب ڈالر کی سرمایہ کاری چین کی کمپنیوں نے کی ہے ۔چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کا یہ منصوبہ پاکستان سے اندھیرے دور کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت اور وفاقی ادارے توانائی کے منصوبے پر انتہائی محنت اورعزم کے ساتھ کام کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریلویز،پورٹ قاسم اتھارٹی،این ٹی ڈی سی نے اپنے متعلقہ کام مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ چینی کمپنی کے صدرنے ساہیوال میں 1320میگاواٹ کول پاور پراجیکٹ کی مقررہ مدت سے قبل مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی اورکہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے توانائی منصوبوں کو عملی روپ دینے میں دن رات ایک کررکھا ہے ۔ پاک چین دوستی کو آگے لیجانے میں بھی شہبازشریف کا کردارنمایا ں ہے ۔ صوبائی وزیر ملک ندیم کامران ،چےئرمین قائد اعظم سولر پاور کمپنی عارف سید،چےئرمین پورٹ قاسم اتھارٹی،رویائی گروپ کی نائب صدر میڈم لی آئے ینگ،چینی قونصل جنرل یوبورن اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کیلئے حاصل کی گئی اراضی کے مالکان کو معاوضے کی ادائیگی کیلئے مراکز قائم کر دیئے گئے ہیں۔ مالکان کو اراضی پر تعمیر شدہ عمارت کا معاوضہ ، کاروبار کے نقصان کا ازالہ اور رہائش کی منتقلی کے اخراجات کے طو رپر اضافی رقم بھی دی جائے گی۔ پنجاب حکومت نے اراضی کے معاوضے کیلئے 20 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے۔ ون ونڈو آپریشن کے ذریعے معاوضے کی فوری ادائیگی کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار ویڈیو لنک کے ذریعے سو ل سیکرٹریٹ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں اورنج لائن میٹرو ٹرین کیلئے حاصل کی جانے والی اراضی کے مالکان کو معاوضے کی ادائیگی کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اراضی مالکان کو معاوضے کی ادائیگی میں کسی کی حق تلفی نہیں ہونے دی جائے گی اور ادائیگی کے عمل میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں گے۔ ون ونڈو ادائیگی مراکزمیں خواتین اور مردوں کیلئے علیحدہ علیحدہ انتظامات کئے گئے ہیں۔ مکمل کاغذات اور تصدیق کے بعد اسی روز معاوضے کی ادائیگی کا چیک دیا جائے گا اور آئندہ چند روز میں اراضی کے مالکان کو سوفیصد ادائیگی کردی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں خود معاوضے کی ادائیگی کے تمام امور کا جائزہ لے رہا ہوں۔معاوضے کی ادائیگی میں کسی کی حق تلفی نہیں ہونے دی جائے گی اور ادائیگی کے عمل میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ادائیگی مراکز میں اراضی کے مالکان کیلئے تمام ضروری سہولتیں مہیا کی جائیں۔ صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی اور انتظامی افسران ادائیگی مراکز میں موجود رہیں۔اراضی کے مالکان کو گھروں سے مراکز تک لانے اور لے جانے کیلئے ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی فراہم کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہفلاح عامہ کے منصوبوں پر تنقید کرنے والے ترقی کے سب سے بڑے دشمن ہیں۔ میٹرو ریل کا منصوبہ عام آدمی کو جدید، باوقار اور عالمی معیار کی سفری سہولتیں فراہم کرے گا۔ ڈی جی ایل ڈی اے نے اراضی کے مالکان کو معاوضے کی ادائیگی کے طریقہ کار اور ادائیگی مراکز میں سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ، میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن، رانا مشہود احمد، بلال یاسین، تنویر اسلم ملک، مشیر خواجہ سلمان رفیق، ترجمان پنجاب حکومت سید زعیم حسین قادری، ایم این اے مہراشیاق احمد، چیف سیکرٹری، خواجہ احمد حسان اور ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ سے اجلاس میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے سپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ درانی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، خواتین کو بااختیار بنانے اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے سپیکر بلوچستان اسمبلی کا منصب سنبھالنے پر راحیلہ درانی کو مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خواتین انتہائی محنتی اور باصلاحیت ہیں اور انہوں نے زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔عملی میدان میں خواتین کی شمولیت کے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ پنجاب حکومت نے خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں۔ ملازمتوں میں خواتین کا کوٹہ بڑھایا گیا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے خواتین کو عملی میدان میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہے۔ اس موقع پر سپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ درانی نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے تاریخی اقدامات کئے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی، پاک افواج کے پیشہ ورانہ امور اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر پیش رفت کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا اور دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ ملاقات میں دہشت گردی و انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان کے تحت کئے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج کے افسروں اور جوانوں، پولیس افسران و اہلکاروں اور عام شہریوں کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ وزیراعلیٰ نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم پاک افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ پاک افواج کے افسروں اور جوانو ں نے بہادری اور جرأت کی عظیم داستانیں رقم کی ہیں۔انہو ں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان کی بقا کی جنگ ہے اورپوری قوم کو شہداء کی لازوال قربانیو ں پر فخر ہے۔

مزید :

صفحہ اول -