مظاہرین کوروکنے کیلئے رینجرز کو ملوث کرنا درست نہیں،شجاعت

مظاہرین کوروکنے کیلئے رینجرز کو ملوث کرنا درست نہیں،شجاعت

لاہور(جنرل رپورٹر) مسلم لیگ ق کے صدر شجاعت حسین نے کہا ہے کہ احتجاج کرنے والوں کو روکنا پولیس کا کام ہے، معمول کے احتجاج میں رینجرز کو ملوث کرنا درست نہیں۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ کراچی میں احتجاج کرنے والے پی آئی اے کے ملازمین کے ساتھ رینجرز کو گتھم گتھا نہیں ہونا چاہئے تھا، کل ٹیلی ویژن پر پولیس کو کم اور رینجرز کی پی آئی اے ملازمین کے ساتھ ہاتھا پائی زیادہ دکھائی جا رہی تھی، اس طرح کے واقعات میں خود کو ملوث کرنے سے رینجرز کا وقار خراب ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر کسی کا بنیادی حق ہے لیکن اگر توڑ پھوڑ یا سرکاری املاک کے نقصان یا کسی بلوے کی صورت میں معاملات پولیس کے ہاتھ سے نکل جائیں تو پھر رینجرز کو طلب کرنا چاہئے جبکہ معمول کے حالات میں پولیس کو اپنی ذمہ داری نبھانی چاہئے کیونکہ یہ پولیس کا کام ہے کہ وہ احتجاج کرنے والوں کو روکے۔

مزید : صفحہ اول