پی آئی اے بحران ،احتجاج جاری ،مزید 200پروازیں منسوخ

پی آئی اے بحران ،احتجاج جاری ،مزید 200پروازیں منسوخ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی/لاہور/راولپنڈی(آن لائن، مانیٹرنگ ڈیسک ،سپیشل رپورٹر ،جنرل رپورٹر) پی آئی اے نجکاری کیخلاف ملازمین کا احتجاج جاری ہے ،24گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 200 سے زائد پروازیں منسوخ ہو گئیں جبکہ مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،نجی ائیر لائنز نے پی آئی اے ملازمین کی ہڑتال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے منہ مانگے دام ٹکٹ فروخت کرنے لگے ،دوسری جانب پھل ،سبزی اور گوشت کی ایکسپورٹ بھی بری طرح متاثر ہورہی ہے جبکہ متبادل پروازوں کا بندوبست محض حکومتی اعلان ثابت ہوا،کراچی میں ملازمین کے احتجاج کے دوران فائرنگ کا نشانہ بننے والے 2 افراد کی غائبانہ نمازجنازہ ادا کی گئی ،تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی نجکاری کیخلاف گزشتہ روز بھی احتجاج جاری ہے جس کے باعث کئی پروازیں منسوخ کردی گئیں جبکہ بعض کا شیڈول متاثرہوا ہے جبکہ 20 گھنٹوں کے دوران 100 سے زائد پروازیں منسوخ ہو گئیں ہیں جس سے مسافروں کو شدیداذیت کا سامنا کرنا پڑا،اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے نجی ایئرلائنز منہ مانگے دام ٹکٹ فروخت کررہے ہیں،فیصل آباد میں ملازمین نے نویں روز بھی کام بند کررکھا ہے،ملتان ایئر پورٹ سے پی آئی اے کی پروازیں منسوخ ہوگئی ہیں،کراچی سے بہاولپور اور بہاول پور سے کراچی آنے اور جانے والی پروازیں شیڈول کے مطابق روانہ نہیں ہوسکی ہیں ،رحیم یار خان میں پی آئی اے کے آفس بند ہیں جس سے تمام فلائٹ کے شیڈول معطل ہوکر رہ گئے ہیں۔ سکھرسے اسلام آباد جانے والی اور کراچی سے سکھر آنے والی پروازیں منسوخ ہیں۔جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے،پی آئی اے کی سکردوسے اسلام آبادآنیوالی دو پروازیں منسوخ ہوگئی ہیں۔گلگت سے اسلام آنے والی پرواز بھی منسوخ ہے۔ چترال سے اسلام آبادکی پرواز بھی اب منسوخ ہے جبکہ حکومت کی جانب سے اعلان کیاگیا تھا کہ بدھ کے روز پی آئی اے ملازمین نے احتجاج جاری رکھا تو متبادل پروازوں کا بندوبست کیا گیا تاہم محض اعلان ہی ثابت ہوا ،حکومت نے کوئی متبادل بندوبست نہیں کیا اور نہ ہی نجی ائیر لائنز کی جانب سے مہنگے داموں ٹکٹ فروخت کے خلاف کارروائی کی گئی ہے ،دوسری جانب کراچی ائیرپورٹ کے احاطہ میں گزشتہ روز احتجاج کے دوران فائرنگ کا نشانہ بننے والے پی آئی اے کے3ملازمین کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں سینکڑوں ملازمین نے شرکت کی ،اس موقع پرپی آئی اے نجکاری نامنظور نامنظور اور حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی ۔ دوسری جانب پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے گزشتہ روز احتجاجی ریلی کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق افراد کے مقدمہ کے اندراج کیلئے عدالت سے رجوع کر لیا۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے سربراہ سہیل بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت کو فضائی آپریشن بند ہونے کی کوئی پرواہ نہیں۔پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے رہنما سہیل بلوچ نے گزشتہ روز احتجاجی ریلی کے دوران فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے افراد کے قتل کا مقدمہ درج کرانے کے لیئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملیر کی عدالت میں درخواست دائر کر دی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ درخواست کے باوجود ائیرپورٹ پولیس نے 24 گھنٹے کے بعد بھی مقدمہ درج نہیں کیا۔لہٰذاعدالت سے استدعا ہے کہ گزشتہ روز ریلی کے دوران جان بحق افراد کا مقدمہ درج کیا جائے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ احتجاج کے دوران جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے مقدمہ میں وفاقی وزیر پرویز رشید ، سینیٹر مشاہد اللہ، شجاعت عظیم اور عرفان الہیٰ سمیت دیگر افراد کو نامزد کیا جائے۔ عدالت نے ایکشن کمیٹی کی درخواست سماعت کیلئے منظور کر کے ایس ایچ او ائیر پورٹ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آج عدالت طلب کر لیا۔دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی آئی اے کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے سربراہ سہیل بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت کو فضائی آپریشن بند ہونے کی کوئی پرواہ نہیں اگر اسے کوئی فکر ہوتی تو رابطہ کرتی۔ اگر کوئی مذاکرات کرے گا تو ہم تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مطالبات پورے ہونے تک احتجاج جاری رہے گا اور ایک قدم اور بڑھے گا۔


کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ مزدوروں کے دوست ہیں پی آئی اے ملازمین کے ساتھ زبانی نہیں اصلی ہمدردی ہے۔ اسی لئے وہ سندھ حکومت کے پاس شکایت لیکر آئے لہٰذا پی آئی اے ملازمین جوڈیشل انکوائری چاہتے ہیں تو رکاوٹ نہیں بنیں گے۔سندھ اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے سید قائم علی شاہ نے کراچی میں پی آئی اے ملازمین کی ہلاکتوں کو افسوس ناک قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا منشور لوگوں کو نوکریاں دینا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے قیمتی جانوں کے ضیاع کو افسوس ناک قراردیتے ہوئے کہا کہ پارٹی نہیں بن رہے مگر امن و امان چاہتے ہیں اس کے باوجود واقعہ کی ذمہ داری ڈالنے کی کوشش کی گئی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ جوڈیشل انکوائری میں رخنہ نہیں ڈالیں گے،فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے پی آئی اے ملازمین شہید ہیں ان کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

مزید :

صفحہ اول -