حکمرانوں نے مزدوروں کے خون سے ہولی کھیل کر اپنی حکومت کے خاتمہ کی بنیاد رکھ دی :سراج الحق

حکمرانوں نے مزدوروں کے خون سے ہولی کھیل کر اپنی حکومت کے خاتمہ کی بنیاد رکھ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(خبر نگار خصوصی )امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکمرانوں نے مزدوروں کے خون سے ہولی کھیل کر اپنی حکومت کے خاتمہ کی بنیاد رکھ دی ہے ۔ پاکستان کی شان پی آئی اے اور پی آئی اے کی شان اس کے ملازمین سے ہے ۔ پی آئی اے قومی ادارہ اور بیرونی دنیا میں پاکستان کا اصل سفیر ہے ۔ ہم سرکاری ملازمین کو ظالم ٹھیکیداروں ، جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے ۔پی آئی اے کی فیڈریشنز نے جو فیصلہ کیاہے ، ہم ان کے ساتھ ہیں ۔ کراچی ایئر پورٹ کو جس طرح خون میں نہلایا گیا حکمرانوں کو اس کا جواب دینا پڑے گا ۔ ان خیالات اظہار انہوں نے اسلام آباد ایئر پورٹ پر پی آئی اے ملازمین کے احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ قبل ازیں انہوں نے پی آئی اے کے شہید ملازمین کی غائبانہ نماز جنازہ بھی پڑھائی ۔سینیٹر سرا ج الحق نے کہاکہ ہم لاشوں کی سیاست کے قائل نہیں ۔ جن تین مزدوروں کو گولیوں کا نشانہ بنایا گیاہے ہم ان کے خاندانوں اور پی آئی اے ملازمین کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ ملازمین کو احتجاج کا قانونی حق دینے کی بجائے ان پر بدترین لاٹھی چارج ، تشدد کیا جارہاہے اور ان پر گولیوں کی بارش کی جارہی ہے ۔ سلیم اکبر اور دیگر شہدا کے گھروں میں صف ماتم بچھی ہوئی ہے ۔ ان کے معصوم بچوں کا حکمرانوں سے سوال ہے کہ ان کا کیا جرم ہے جنہیں یتیم کر دیا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں نے آج تک جن قومی اداروں کی نج کاری کی ہے ، اس کا نقصان ہمیشہ غریب ملازمین کو اٹھانا پڑاہے ۔ خریدار پہلا وار ملازمین پر کرتے ہیں اور انہیں اداروں سے نکال باہر کیا جاتاہے ہم نہیں چاہتے کہ قومی ایئر لائنز کے ہزاروں ملازمین کو کسی ٹھیکیدار اور ساہوکار کے حوالے کر دیا جائے ۔ حکمران پی آئی اے کے بعد سٹیل ملز ، واپڈا ، ریلوے اور پھر پاکستان اور اسلا م آباد کو بھی خسارے کا بہانہ بنا کر بیچ دیں گے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی نہ صرف سینیٹ اور قومی اسمبلی بلکہ چوکوں اور چوراہوں میں بھی مزدوروں اور محنت کشوں کے ساتھ کھڑی ہے ۔ انہو ں نے کہاکہ جب تک اداروں کے منافع میں ملازمین کو شریک نہیں کیا جاتا ، ادارے منافع بخش نہیں ہوسکتے ۔ میں حکمرانوں سے کہتاہوں کہ وہ قومی اداروں کو فروخت کرنے کی بجائے کرپشن پر قابو پائیں اور مینجمنٹ کو ٹھیک کیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ مسئلہ صرف اداروں کی نیلامی کا نہیں ، نظام کا ہے ۔ عوام ان ظالم ٹھیکیداروں سے نجات اور عادلانہ و منصفانہ نظام کے لیے اٹھ کھڑے ہوں ۔

مزید :

صفحہ اول -