کراچی واقعے کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کی طرح دبنے نہیں دیں گے:زرداری

کراچی واقعے کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کی طرح دبنے نہیں دیں گے:زرداری

اسلام آباد(خبر نگار خصوصی )سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے پی آئی اے کے ملازمین کے ظالمانہ قتل کی انتہائی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وہ لوگ جو اس قتل کے ذمہ دار ہیں، فوری طور پر ان کے چہروں سے نقاب اتارا جائے اور انہیں قانون کے مطابق سخت ترین سزائیں دی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ان ملازمین کے خلاف طاقت کا استعمال مجرمانہ ہے جو اپنے قانونی حق کے لئے احتجاج کر رہے تھے کیونکہ ان کا روزگار خطرے میں ہے۔ ایک بیان میں سابق صدر نے کہا کہ انہیں پی آئی اے کے ملازمین کے قتل کا سن کر انتہائی صدمہ پہنچا ہے اور قتل کے ذمے داروں کو ہر صورت میں سزا دی جانی چاہیے۔ سابق صدر کے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ سابق صدر نے یہ بات بھی کہی کہ عوام کسی صورت میں ماڈل ٹاؤن لاہور کے واقعے کی طرح اس واقعے پر پردہ ڈالنے کی کسی بھی کوشش کی اجازت نہیں دیں گے اور پیپلزپارٹی بھی اس قتل پر پردہ ڈالنے کی کبھی اجازت نہیں دے گی۔ اس واقعے نے حکومت کی صورتحال سے طاقت کے ذریعے نمٹنے کی کوشش کو بے نقاب کر دیا ہے اور حکومت پی آئی اے کا معاملہ حل کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزراء کا نجکاری کے متعلق دوغلا پن اس بات سے بھی ثابت ہوگیا ہے کہ لازمی سروس ایکٹ نافذ کرکے وہ کارکنوں کو دبانا چاہتے ہیں اور اس کے علاوہ ایوی ایشن کے مشیر سپریم کورٹ کی ہدایت کے باوجود اب تک کام کر رہے ہیں۔

مزید : صفحہ اول