بین الاضلاعی گلو موٹر سائیکل سینچر گینگ کا سر غنہ ساتھی سمیت گرفتار

بین الاضلاعی گلو موٹر سائیکل سینچر گینگ کا سر غنہ ساتھی سمیت گرفتار

 لاہور( ) اینٹی وہیکلز لفٹنگ سٹاف ماڈل ٹاؤن نے موٹر سائیکلیں چھیننے اور چوری کرنے کی وارداتوں میں ملوث بین الاضلاعی گلو گینگ کے2ملزموں کو گرفتار کر کے ان کی نشاندہی پرلاکھوں روپے مالیت کی مسروقہ20موٹر سائیکلیں، ماسٹر کیز اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق موٹر سائیکل چھیننے اور چوری کی وارداتوں کی روک تھام اور ان میں ملوث ملزموں کی گرفتاری کیلئے کیپٹن (ر) محمد امین وینس کی ہدایات پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن حسن مشتاق سکھیرا نے ایس پی AVLSاویس ملک کو ان ملزموں کی فوری گرفتاری کا ٹارگٹ دیا ۔انہوں نے ڈی ایس پی اینٹی وہیکلز لفٹنگ سٹاف ماڈل ٹاؤن سلیم مختار بٹ کی سربراہی میں انچارج اینٹی موٹر سائیکل لفٹنگ سٹاف کینٹ سب انسپکٹر بشارت علی اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل پولیس ٹیم تشکیل دی جس نے خفیہ اطلاعات کی روشنی میں ریڈ کر کے گلو موٹر سائیکل چور وسنیچر گینگ کے سرغنہ ثاقب گل عرف گلو اور اس کے ساتھی مون مسیح کو گرفتار کر کے ان سے لاکھوں روپے مالیت کی چھینی اور چوری کی گئی 20 موٹر سائیکلیں، ماسٹر کیز اورناجائز اسلحہ برآمدکرلیا۔ ملزمان شاہراؤں پرگاڑیاں چھیننے سمیت تجارتی مراکز پلازوں، گھروں اور پارکنگ اسٹینڈز کے باہر کھڑی موٹر سائیکلوں کو ماسٹر کیِ کے ذریعے کھول کرفرار ہو جاتے تھے اوران کے پرُزے پرُزے کر کے اونے پونے داموں فروخت کر دیتے تھے۔ دوران تفتیش ملزموں نے تھانہ شمالی چھاؤنی ، ڈیفنسA، باغبانپورہ، ساندہ، لیاقت آباد، گلبرگ، ساندہ، فیکٹری ایریا، کوٹ لکھپت، وحدت کالونی، ٹبی سٹی اور گڑھی شاہو کے علاقوں سے موٹر سائیکل چھیننے اور چوری کرنے کی درجنوں مزیدوارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملزمان ریکارڈ یافتہ ہیں اور اس سے قبل بھی مختلف مقدمات میں کئی مرتبہ جیل جا چکے ہیں اور رہا ہوتے ہی دوبارہ وارداتیں شروع کر دیتے تھے۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سلطان احمدچوہدری نے پولیس ٹیم کیلئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد کا اعلا ن کیا ہے ۔

مزید : علاقائی