دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو نا کام بنا دیا جائیگا ،ڈاکٹر حیدر اشرف

دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو نا کام بنا دیا جائیگا ،ڈاکٹر حیدر اشرف

لاہور(کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا ہے کہ دہشت گرد اسلام کا نام استعمال کر کے معصوم پاکستانیوں پر بزدلانہ حملے کر رہے ہیں۔ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنادیاجائے گا اور پاکستان کے بسنے والے کروڑوں افرادپُرامن فضامیں زندگی بسر کر سکیں گے۔ لاہور پولیس شہر میں تعلیمی اداروں کو فُول پروف سکیورٹی فراہم کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں لاہور کے لاء کالجز کے منتظمین سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر ایس پی سیکیورٹی کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک بھی موجو دتھے۔ ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہاکہ تعلیمی اداروں کے منتظمین کو بلاکر ملاقات کرنے کا مقصد خوفزدہ کرنا نہیں بلکہ سیکیورٹی تھریٹس سے آگاہ کرنا اور اس کے پیش نظر مل جل کرحفاظتی اقدامات کو مکمل کروانا ہے۔ پولیس نے تعلیمی اداروں کے منتظمین کو SOPکے مطابق جن حفاظتی اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا ہے ان کو نامکمل ہونے کی صورت میں فوری طور پر مکمل کروایا جائے۔ ایس پی سکیورٹی کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے اس موقع پر کہا کہ ہر تعلیمی ادارے کے منتظمین کی یہ بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ پڑھنے والے بچوں اور سٹاف کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر حفاظتی انتظامات مکمل کروائیں۔ ہر تعلیمی ادارے میں باؤنڈری وال بننی اور خاردارتاریں لگی ہوئی چاہئیں، سرچ لائٹس نصب اور مورچے بنانے چاہئیں، سکیورٹی گارڈز کی تصدیق بذریعہ سپیشل برانچ اور ٹریننگ مکمل ہونی چاہئیں۔ سی سی ٹی وی کیمرے ، واک تھرو گیٹس اور نائٹ ویژن کیمرے نصب ہونے چاہئیں، طالب علموں کو پک اینڈ ڈراپ کرنے والی بسوں کے ڈرائیورز کی تصدیق اور ہر بس میں سیکیورٹی گارڈ ہونا چاہئے۔ جن تعلیمی اداروں میں موک ایکسرسائز نہیں وہ متعلقہ ایس پی حضرات کے ذریعے موک ایکسرسائز مکمل کروائیں۔ طالب علموں کو پڑھاتے ہوئے نا خوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے آگاہی دینی چاہئے۔ پولیس اور تعلیمی اداروں کے درمیان مضبوط کوآرڈینیشن کیلئے تعلیمی اداروں کی طرف سے فوکل پرسن مقرر ہوں۔ ہر تعلیمی ادارے میں پینک بٹن نصب ہونے چاہئیں تاکہ ایمرجنسی کی صورت میں پولیس کی طرف سے فوری ریسپانس حاصل ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ تمام اقدامات مکمل کر کے جامع رپورٹ ڈی آئی جی آفس بھجوائی جائے۔

مزید : علاقائی