ادارے قائم رہیں گے تو جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں:وزیر اعلٰی سندھ
کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم شاہ نے کہا ہے کہ وکلا نے جمہوریت، عدلیہ اور دیگر اداروں کیلئے بے شمار قربانیاں دیں ہیں، اس امر کا اظہار انہوں نے بدھ کو سٹی کورٹ بار ایسو سی ایشن کی نئی گورنگ باڈی کی حلف برداری کی تقریب میں وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم عدالتوں کے فیصلوں کا احترام کرتے ہیں، عدلیہ کی بحالی کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی نے وکلاء برادری کے ساتھ ملکر انتھک جدوجہد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کا طعنہ صرف سندھ حکومت کو نہ دیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ادارے قائم رہیں گے تو جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ہے، پنجاب میں بھی لوگ کرپشن کی باتیں کر رہے ہیں ،انہوں نے کہاکہ غریب عوام کیلئے پی پی ہمیشہ جدوجہد کرتی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ پی پی کی موجودہ حکومت نے ہمیشہ آزاد عدلیہ اور ان کے حقوق کے تحفظ کی بات کی ہے اور وکلاء برادری نے بھی ہمیشہ جمہوریت کی بحالی کی جدوجہد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے آمریت کے خلاف شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی قیادت میں ایک طویل جدوجہد کی ہے اور اس جدوجہد میں وکلاء برادری ہمیشہ ہمارے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ کرپشن کے ناسور کو ختم ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے جمہوریت کیلئے بڑی قربانیاں دیں ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مشرف دور میں عدلیہ کی آزادی کیلئے ہر ہفتے جلوس نکالتے تھے اور ہم نے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کرتے ہوئے انسداد دہشت گردی کی 10مزید نئی عدالتیں قائم رکھنے کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار پاکستان میں جمہوریت کے 8سال مکمل ہوئے اور کہا کہ ہمارے دور میں 4یونیورسٹیاں قائم ہوئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اداروں کا تحفظ اور احترام ہوگا تو جمہوریت مضبوط ہوگی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے شہید ہونے والے وکلاء کیلئے 20,20لاکھ روپے کے مالی معاوضہ دینے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حق اور انصاف کی جدوجہد جاری رکھیں گے اور کہا کہ کرپشن کی وجہ سے ملک میں انصاف کی کمی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے سٹی کورٹ بار ایسوسی ایشن کو ایک کروڑ روپے کا چیک دیا اور دوگاڑیاں دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملیر بار ایسوسی ایشن کو بھی دوگاڑیاں دیں جائیں گی۔وزیراعلیٰ سندھ نے سٹی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی گورننگ باڈی کے نومنتخب جنرل سیکریٹری حق نواز تالپور سمیت دیگر نومنتخب عہدیداروں سے حلف اٹھوایا۔حلف برداری کی تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ کے معاونین خصوصی وقارمہدی، راشد ربانی، وزیراعلیٰ سندھ کے پولیٹیکل کوآرڈینیٹر صدیق ابو بھائی،پیپلز لائیرز فورم کراچی کے صدر ایڈووکیٹ قاضی بشیر،سندھ ھائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر خالد جاوید سمیت وکلاء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔