پی آئی اے ملازمین پر دوران احتجاج تشددقابل مذمت ہے،غنویٰ بھٹو

پی آئی اے ملازمین پر دوران احتجاج تشددقابل مذمت ہے،غنویٰ بھٹو

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی ( شہید بھٹو ) کی چیئرپرسن محترمہ غنویٰ بھٹونے پی . آئی . اے کے مجوزہ نجکاری کے حکومتی فیصلے کے خلاف ادارے کے محنت کشوں کے احتجاجی جلوس پر پولیس فائرنگ اور لاٹھی چارج کی شدید الفاظ میں کرتے ہوئے مذکورہ واقعہ میں ملوث اہلکاروں کے خلاف قانونی کاروائی کا مطالبہ کیا ہے .سترکلفٹن سے جاری ہونے والے ایک بیان میں محترمہ غنویٰ بھٹو نے کہا ہے کہ نواز اور زرداری حکومتوں نے آئی ایم ایف اور ورلڈ بئنک کی ڈکٹیشن تسلیم کرتے ہوئے ملک کی سا لمیت کو گروی رکھتے ہوئے تمام ریاستی ادارے فروخت کرنے کا وعدہ کیا ہواہے لیکن پاکستان کے عوام خصوصا ملک کے محنت کشوں کو سامراج نواز حکمرانوں کے عوام دشمن اور ملک دشمن ارادوں کو ناکام بنانے کیلئے میدان عمل میں آنا ہوگا . محترمہ غنویٰ بھٹو نے پولیس تشدد میں دو محنت کشوں کی ہلاکت اور متعدد کے زخمی ہونے پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے نجکاری کے خلاف پی . آئی . اے کے محنت کشوں کی تحریک کی حمایت کی ہے . دریں اثناء محترمہ غنویٰ بھٹو نے لاڑکانہ پولیس کی جانب سے پارٹی کے ضلعی ڈپٹی جنرل سیکریٹری غلام رسول عمرانی کے من گھڑت اور بے بنیاد مقدمے میں گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کی رہائی پر زور دیا ہے .

مزید : کراچی صفحہ اول