بھارتی وزیر داخلہ نے داعش کا اثر و رسوخ روکنے کیلئے مسلم علماء سے مدد مانگ لی
نئی دہلی ( آئی این پی) بھارتی وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے ملک میں داعش کے ممکنہ اثر و رسوخ کو روکنے کیلئے مسلم علماء سے تعاون کی درخواست کردی ۔بھارتی میڈیا کے مطابق وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے مسلم علما ء سے ملاقات کی جس میں انھوں نے بھارتی نوجوانوں کو اپنی جانب مائل کرنے کے داعش کے منصوبے کو ناکام بنانے کے لئے تعاون کی درخواست کی ۔ملاقات میں بھارت کی قومی سلامتی کے امور کے مشیر اجیت دوال اور وزارت داخلہ کے دیگراعلی حکام بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں اس بات کا جائزہ لیا گیا کہ نوجوانوں کو اپنی جانب مائل کرنے کے داعش کے ممکنہ منصوبوں کو کس طرح ناکام بنایا جا سکتا ہے۔ملاقات میں جمعیت علمائے ہند کے قومی سکریٹری مولانا نیاز فاروقی ، مجلس علمائے ہند کے جنرل سکریٹری مولانا سیدکلب جواد نقوی ، اجمیر شریف کے مولاناعبدالوحید حسین چشتی اور کئی دیگر ممتاز علما موجود تھے۔ علما ء کرام نے داعش کے جرائم اور اس کے انسانیت سوز اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ داعش کا اسلام اور اسلامی تعلیمات سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ بھارتی مسلم علما ء نے حکومت کو اس سلسلے میں اپنا پورا تعاون دینے کا یقین دلایا