کسی بھی قومی ادارے کی نجکاری نہیں ہونے دینگے،پیپلزپارٹی

کسی بھی قومی ادارے کی نجکاری نہیں ہونے دینگے،پیپلزپارٹی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی نے اعلان کیا ہے کہ پی آئی اے سمیت کسی بھی قومی ادارے کی نجکاری نہیں ہونے دینگے ، چیف جسٹس آف پاکستان اس معاملے پر از خود نوٹس لیں ، پیپلز پارٹی نواز شریف کو بھگانے کے لیے میدان میں آگئی ہے اور اب احتجاج کا دائرہ ملک گیر ہوگا۔میاں محمد نواز شریف نے آرٹیکل 17کی خلاف ورزی کی ہے وزیراعظم کے خلاف غداری کا مقدہ درج کیا جائے۔پیپلز پارٹی دور حکومت میں سو موٹو نوٹس لیے جاتے رہے لیکن اب صورتحال اسکے برعکس ہے۔یہ اعلان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے تحت بدھ کو کراچی پریس کلب کے باہر پی آئی اے سمیت دیگر قومی اداروں کی ممکنہ نجکاری کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر کراچی ڈویژن کے صدر نجمی عالم ،وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر راشد ربانی ، معاون خصوصی وقار مہدی ،مزدور رہنما حبیب الدین جنیدی ، منظور رضی ۔لیاقت ساہی ،اسلم سموں ،پیپلز لیبر بیورو کے صدر شمشاد قریشی ،خواجہ محمد اعوان و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مظاہرے میں مختلف مزدور یونین کے رہنماؤں اور کارکنا ن نے بھی شرکت کی جن میں اسٹیٹ بینک ٹریڈ یونین ،پیپلز لیبر بیورو ،اسٹیل ملز،حبیب بینک ورکرز یونین ، ریلوے ورکرز یونین او ر دیگر شامل ہیں ۔نجمی عالم نے کہا کہ ایئر پورٹ پر ملازمین پر جس بے دردی سے گولیاں چلائینگی اس سے لگتا ہے کہ نواز شریف قومی اداروں کو اپنی ملکیت سے سمجھتے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ ہم میاں محمد نوا ز شریف کو بتا دیں کہ وہ ضیاالحق کے گملے سے نکلنے والا پودا ہیں ،ملازمین پر تشدد نے 1977کے ضیا الحق کے دور کی یاد تازہ کردی ہیں ۔نجمی عالم نے کہا کہ اس خون کے دریا میں بھی نواز شریف اپنے کاروبار کو نہیں بھولے اور انکے ایک وزیر نے اپنی ایئر لائن کے کرائیوں میں اضافہ کردیا،اب یہ جنگ شروع ہوگئی ہے جو مطالبات کی منظور ی پر ہی ختم ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ ماضی میں کے ای ایس سی کی نجکاری کی گئی جس کا خمیازہ آج بھی کراچی کے عوام بھگت رہے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ ہم مزدوروں کو یقین دلاتے ہیں کہ پیپلز پارٹی ان کے ساتھ ہے اور کل کے واقعے پر وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب عدالتی تحقیقات کی یقین دہانی کراتے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ پی آئی اے واقعے میں تین افراد جاں بحق ہوئے لیکن کسی چیف جسٹس نے سو موٹو نوٹس نہیں لیا ،جب پیپلز پارٹی کی حکومت ہوتی تھی تو ہر معاملے پر سو موٹو نوٹس لیا جاتا تھااب معلوم سو موٹو والے کہاں ہیں ۔راشد ربانی نے کہا کہ نواز شریف جب بھی اقتدار میں آتے ہیں تو محنت کشوں پر ظلم کرتے ہیں وہ قومی اداروں کی نجکاری کرکے اپنے کاروبار کو تقویت دینا چاہتے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ ہم میاں محمد نواز شریف سے کہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی کسی بھی صورت قومی اداروں کی نجکاری نہیں ہونے دیگی۔اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی برسوں سے سرمایہ دار محنت کشوں کو استحصال کر رہے ہیں ،غریبوں کے ووٹوں سے منتخب ہونے والے وزیر اعظم نے آریکل 17کی خلاف ورزی کی ہے ہم ریاستی اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ نواز شریف کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کریں۔محنت کشوں کے حقوق کا تحفظ کیا جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائری کار وسیع کردیا جائیگا۔