بنوں میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کا ڈی پی او کے حق میں ریلی
بنوں( نمائندہ پاکستان)پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے ڈی پی او بنوں کے حق میں ریلی نکالی اور مطالبہ کیا کہ اگر بنوں کے ایماندار ڈی پی او کو تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی تو ہم آئندہ بنوں کی تمام سڑکوں کو جام کردیں گے بنوں کے امن کے خلاف کسی قسم کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے جے یوآئی والے غنڈہ گردی کا دور واپس لانے کی کوشش نہ کریں تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی رہنما وسابقہ امیدوار سکندر حیات کی قیادت میں پی ٹی آئی کارکنوں نے پھوڑی گیٹ سے ریلی نکالی ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پی ٹی آئی کے جھنڈے اٹھارکھے تھے اور بینرز اٹھارکھے تھے جن پر ڈی پی او بنوں کے حق میں نعرے درج تھے مظاہرین نعرے بازی کرتے ہوئے بنوں پریس کلب پہنچے جہاں ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے صوبائی رہنما ایم عالم خان،سکندر حیات خان،شب نیاز خان،فرید نیازی نائب ناظم سٹی ون اور انصاف یوتھ ونگ کے رہنما شب نیاز خان نے کہا کہ بہت عرصے بعد بنوں کو گل افضل خان آفریدی کی صورت میں ایماندار،فرض شناس،بہادر اور مظلوم دوست آفیسر ملاہے جنہوں نے بنوں سے غنڈہ گردی،بھتہ خوری،روایتی بد معاشی،جرائم،منشیات فروشی،ہوائی فائرنگ اور بد امنی کاخاتمہ کیا ہے لیکن افسوس کہ جے یو آئی جو کہ یہ دعویٰ کرتی ہے کہ یہ علماء کی پارٹی ہے اور حق کا ساتھ دیتی ہے جے یو آئی کے کچھ عناصر ڈی پی او کے خلاف پریس کانفرنس کرتے ہیں اور پھر سے بنوں کے عوام کو قبضہ مافیا،روایتی بد معاشوں اور جرائم پیشہ ومنشیات فروشوں کو بنوں کے عوام پر مسلط کرنا چاہتے ہیں جسکی ہم کسی صورت اجازت نہیں دیں گے جے یو آئی میں شامل علمائے حق بھی ڈی پی او بنوں کے اقدامات سے خوش ہیں لیکن مٹھی بھر لوگ پھر سے بنوں کے امن کو تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں لیکن ہم امن کے خلاف ساش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ڈی پی او بنوں مظلوموں،بے کسوں کے ساتھی ہیں انکے آنے سے بنوں کے عوام اور تاجر خود کو محفوظ تصور کرتے ہیں لہذا ہم وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک،آئی جی پی ناصر درانی اور تمام متعلقہ حکام سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ ڈی پی او بنوں کو سازشی عناصر کی ایماء پر تبدیل نہ کیا جائے ورنہ ہم بھرپور شٹر ڈاؤن ہڑتالوں اور جلسے جلوسوں کا سلسلہ شروع کردیں گے اور کسی صورت بھی بنوں کو غنڈہ گردوں اور منشیات فروشوں کے حوالے کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔