ضلعی عدلیہ نطام عدل میں ریڑھ کی ہڈی حیثیت رکھتی ہے،چیف جسٹس اعجازا لاحسن

ضلعی عدلیہ نطام عدل میں ریڑھ کی ہڈی حیثیت رکھتی ہے،چیف جسٹس اعجازا لاحسن

 لاہور(نامہ نگار خصوصی )چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس اعجاز الاحسن سے ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور ڈویژنوں اورساہیوال ضلع کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز اور سینئر سول جج صاحبان نے ملاقات کی۔ ضلعی عدلیہ کے جج صاحبان نے چیف جسٹس کو مقدمات کو میرٹ کے مطابق جلد نمٹانے کے حوالے سے آگاہ کیا۔چیف جسٹس نے شرکاء سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ضلعی عدلیہ نظام عدل میں ریڑھ کی ہڈی حیثیت رکھتی ہے۔ عدلیہ کی پہلی سیڑھی پر فوری اور معیاری انصاف کی فراہمی سے سائلین کا عدالتوں پر اعتماد مزید مستحکم ہوگا۔ قبل ازیں فاضل چیف جسٹس سے متذکرہ بالا ڈویژنوں کے اضلاع ملتان، وہاڑی، لودھراں، خانیوال، ڈی جی خان، راجن پور، لیہ، مظفر گڑھ، رحیم یار خان، بہاولپور، بہاولنگر اور ساہیوال کی تمام ضلعی اور تحصیل بار ایسو سی ایشنوں کے صدور اور جنرل سیکرٹریز پر مشتمل وفود نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی۔ وکلاء رہنماؤں نے فاضل چیف جسٹس کی جانب سے ضلعی عدلیہ اور بارز کی بہتری کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہا اور وکلاء کو درپیش چیدہ چیدہ مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ فاضل چیف جسٹس نے کہا کہ معیاری اور فوری انصاف کی فراہمی میں وکلاء کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ بار کے تمام مسائل کا حل عدالت عالیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ ملتان اور بہاولپور بنچوں کے دو روزہ دورہ پر ہیں۔

دورہ خطاب

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر