پسند کی شادی کرنے والوں کی حفاظت کیلئے ”لو کمانڈوز“ گروپ میدان میں آ گیا

پسند کی شادی کرنے والوں کی حفاظت کیلئے ”لو کمانڈوز“ گروپ میدان میں آ گیا
پسند کی شادی کرنے والوں کی حفاظت کیلئے ”لو کمانڈوز“ گروپ میدان میں آ گیا

  

نئی دلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں گھروالوں کی رضامندی کے بغیر شادی کرنے والے جوڑوں کی حفاظت کیلئے ”لو کمانڈوز“ کے نام سے ایک گروپ تشکیل دیا گیا ہے جو ایسے افراد کو مدد اور تحفظ فراہم کرنے کا کام کر رہا ہے۔ اس گروپ میں رضاکار اور وکلا شامل ہیں جو پسند کی شادی کرنے والے جوڑوں کو قانونی تحفظ اور رہنمائی فراہم کرنے کیساتھ ساتھ محفوظ علاقوں میں رہائش فراہم کرنے کا کام بھی کر رہا ہے۔

بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق ”لوکمانڈوز“ کا صدر دفتر دلی میں ہے اور گروپ میں ابتدائی طور پر صرف 4 افراد شامل ہیں تاہم ان کے کام اور مقصد کو دیکھتے ہوئے ملک بھر سے ہزار وں افراد اس میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اس گروپ کا مقصد عزت کے نام پر لڑکیوں کو قتل ہونے سے بچانا اور ملکی قوانین کے تحت پسند کی شادی کرنے والے جوڑوں کی حفاظت کرنا ہے جو ٹیلی فون ہیلپ لائن یا ویب سائٹ کے ذریعے ان سے رابطہ کرتے ہیں ۔

یہ گروپ گزشتہ 6 برسوں میں 40 ہزار سے زائد جوڑوں کو مدد اور تحفظ فراہم کرچکے ہیں جو ان کے سیکڑوں رضاکاروں کے ذریعے ممکن ہوئی ہے۔ گروپ کا کہنا ہے کہ محبت اور پسند کی شادی کرنا کوئی جرم نہیں جبکہ بھارتی معاشرے میں اب بھی کئی جگہ اسے جرم سمجھا جاتا ہے اور خصوصاً لڑکیوں کو ایسا کرنے پر موت کے گھاٹ اتار دیا جاتا ہے۔ بھارت میں ذات برادری کا سخت نظام رائج ہے جو مختلف قوموں اور برادریوں کے درمیان شادی میں ایک رکاوٹ بن جاتا ہے جبکہ 2 مخالف گروہ کے لڑکا اور لڑکی کی شادی بسا اوقات فسادات کو بھی جنم دیتی ہے۔

مزید : ڈیلی بائیٹس