پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب شروع: آتش بازی کے شاندار مظاہرے سے شرکا دم بخود، سٹیڈیم پاکستانی جھنڈے کے رنگ میں رنگ گیا

پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب شروع: آتش بازی کے شاندار مظاہرے سے شرکا دم بخود، ...
پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب شروع: آتش بازی کے شاندار مظاہرے سے شرکا دم بخود، سٹیڈیم پاکستانی جھنڈے کے رنگ میں رنگ گیا

  

دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن کی افتتاحی تقریب دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں شرو ع ہوگئی۔ اس موقع پر سٹیڈیم تماشائیوں سے کچھا کچھ بھرا ہوا تھا اور میدان سے باہر بھی ہزاروں افراد موجود تھے۔تقریب میں سٹیڈیم پاکستانی جھنڈے کے رنگ میں رنگ گیا۔ افتتاحی تقریب کا آغاز قومی ترانے سے کیا گیا اور آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا جس کو دیکھ کر حاضرین دم بخود رہ گئے۔اس موقع پر تمام ٹیموں کے کھلاڑی اور آفیشل بھی موجود تھے۔تقریب کے مہمان خصوصی یو اے ای کے حکمران  شیخ مبارک النہیان تھے جبکہ بے نظیر بھٹو شہید کی بیٹی بختاور بھٹو زرداری بھی موجود تھیں۔ آرمی پبلک سکول پشاور کے 145طلبہ اور پانچ اساتذہ بھی سٹیڈیم میں موجود تھے۔کئی ممالک کے کرکٹ بورڈز کے سربراہ بھی سٹیڈیم میں موجود تھے۔تماشائیوں میں سے متعدد نے پاکستانی پرچم والے لباس زیب تن کر رکھے تھے اور وہ پاکستان کے حق میں نعرے بازی کر رہے تھے۔اس موقع پر گلوکار علی ظفر اور شان پال نے اپنی آوازوں کا جادو جگایا جبکہ نیویارک کے معروف گرین گروپ نے بھی اپنی پرفارمنس دی۔چیئرمین پی سی بی شہر یار خان نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس لیگ کا پہلا میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات نو بجے اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ہوگا۔اسلام آباد کی کپتانی مصباح الحق جبکہ کوئٹہ کی قیادت سرفراز احمد کر رہے ہیں۔

مزید : کھیل /اہم خبریں