اظہرمحمود پر قسمت کی دیوی مہربان ہو گئی، انگلش کاﺅنٹی سرے نے اگلے ٹی ٹونٹی سیزن کیلئے خدمات حاصل کر لیں

اظہرمحمود پر قسمت کی دیوی مہربان ہو گئی، انگلش کاﺅنٹی سرے نے اگلے ٹی ٹونٹی ...
 اظہرمحمود پر قسمت کی دیوی مہربان ہو گئی، انگلش کاﺅنٹی سرے نے اگلے ٹی ٹونٹی سیزن کیلئے خدمات حاصل کر لیں

  

لندن (نیوز ڈیسک) سابق پاکستانی آل راﺅنڈر اظہرمحمود پر قسمت کی دیوی مہربان ہو گئی۔ انگلش کاﺅنٹی سرے نے اگلے ٹی ٹونٹی سیزن کیلئے آل راﺅنڈر کی بطور پلیئر اور کوچ خدمات حاصل کر لیں۔ 41 سالہ آل راﺅنڈر ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں پلیئر کے ساتھ ساتھ کوچنگ کی بھی ذمہ داری نبھائیں گے۔ انہوں نے گزشتہ سیزن میں سرے کی نمائندگی کرتے ہوئے نو وکٹیں حاصل کی تھیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اظہر محمود  مئی میں سرے کاونٹی  کلب جوائن کریں گے اور تمام ٹی ٹونٹی میچز کیلئے کلب کو دستیاب ہوں گے۔ سرے کلب کے ڈائریکٹر آف کرکٹ ایلک سٹورٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  کہا  کہ اظہرمحمود انٹرنیشنل اور کاﺅنٹی کرکٹ کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں اسلئے ہم نے ان کی بطور پلیئر کم کوچ خدمات حاصل کی ہیں، امید ہے کہ وہ اپنے تجربے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹیم کو فتوحات دلانے میں اہم  کردار ادا کریں گے اور نوجوان کھلاڑیوں کو بھی ان سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔ اس موقع پر اظہرمحمود نے کہا کہ کھیلنے کے ساتھ ساتھ کوچنگ کی ذمہ داری ملنے پر بے حد خوشی محسوس کر رہا ہوں، یقیناً یہ میرے لئے نیا تجربہ ہے اور میں کلب حکام کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے سرتوڑ کوشش کروں گا۔

مزید : کھیل