ہائی کورٹ ،سنگل بنچ کا فیصلہ معطل ،ڈویژن بنچ نے پنجاب ریونیو اتھارٹی بحال کردی

ہائی کورٹ ،سنگل بنچ کا فیصلہ معطل ،ڈویژن بنچ نے پنجاب ریونیو اتھارٹی بحال ...
ہائی کورٹ ،سنگل بنچ کا فیصلہ معطل ،ڈویژن بنچ نے پنجاب ریونیو اتھارٹی بحال کردی

  

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ نے صوبائی اسمبلی سے قانون منظور ہونے کی بنیاد پر پنجاب ریونیو اتھارٹی کی تشکیل کو غیرقانونی قرار دینے سے متعلق سنگل بنچ کے فیصلے کو معطل کردیاہے۔مسٹرجسٹس خالد محمود خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے پنجاب ریونیو اتھارٹی کی جانب سے انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کی، انٹرا کورٹ اپیل میں سنگل بنچ کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے اتھارٹی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سنگل بنچ نے اتھارٹی کے لئے جاری ہونے والا آرڈیننس غیرمﺅثر ہونے کی بنیاد پر اتھارٹی کی تشکیل غیرقانونی قرار دیا اور ٹیکس ریکوری کے نوٹسز بھی کالعدم کر دیئے، انہوں نے مزید موقف اختیار کیا کہ پنجاب اسمبلی نے پنجاب ریونیو اتھارٹی ایکٹ کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد اتھارٹی کے تمام اقدامات کو تحفظ حاصل ہو گیا ہے، انہوں نے استدعا کی اتھارٹی کی تشکیل غیرقانونی قرار دینے متعلق سنگل بنچ کا فیصلہ کالعدم کیا جائے، فاضل بنچ نے سنگل بنچ کا فیصلہ عبوری طور پر معطل کرتے ہوئے صوبائی حکومت سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 11فروری تک جواب طلب کر لیاہے۔ڈویژن بنچ کی طرف سے سنگل بنچ کے فیصلے کی معطلی سے پنجاب ریونیو اتھارٹی بحال ہوگئی ہے ۔

مزید : لاہور