گورنر سندھ سے برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن کی ملاقات، پاکستان خطے کی اہم ضرورت ،کراچی میں سماجی و تجارتی سرگرمیاں اپنے عروج پر ہیں:ڈاکٹر عشرت العباد

گورنر سندھ سے برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن کی ملاقات، پاکستان خطے کی اہم ...
گورنر سندھ سے برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن کی ملاقات، پاکستان خطے کی اہم ضرورت ،کراچی میں سماجی و تجارتی سرگرمیاں اپنے عروج پر ہیں:ڈاکٹر عشرت العباد

  

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن نے گورنر ہاﺅس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں ڈاکٹر عشرت العباد نے برطانوی ہائی کمشنر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ فلپ بارٹن نے اپنی تعیناتی کے دوران پاک برطانیہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے ان کی خدمات کو پاکستانی عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی ہائی کمشنر کی تعینات کے بعد سے صوبہ و شہرمیں برطانوی سرمایہ کاری کے رجحان میں تیزی آئی ۔

مقامی نجی ٹی وی کے مطابق گورنر سندھ نے ہائی کمشنر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے کی اہم ضرورت ہے اس کا امن خطے کا امن ہے کچھ عرصہ پہلے تک پاکستان میں امن و امان کا قیام ایک چیلنج تھا لیکن سیاسی ، مذہبی اور عسکری قیادت نے مل کر قوم کی امنگوں کے مطابق نیشنل ایکشن پلان ترتیب دیا جس کے تحت شمالی علاقوں میں ضرب عضب آپریشن کا آغاز کیا گیا اس کے یقینی رد عمل کو روکنے کے لئے کراچی میں بھی جرائم پیشہ افراد اور دہشت گردوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کا اقتصادی و معاشی حب ہے اور اس کے امن سے ہی ملک اور خطے کا امن وابستہ ہے۔ آپریشن کے دوران اس بات کا قوی امکان تھا کہ دہشت گردملک کے اقتصادی شہ رگ کو مفلوج کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر دہشت گردی کی کا روائیاں کرسکتے تھے، لیکن پاک افواج نے دیگر قانون نا فذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر ایک مربوط حکمت عملی کے تحت بڑی جانفشانی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہر کرتے ہوئے کارروائی کی جس نے دہشت گردوں کی کمر توڑدی اور ان کو اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا۔انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے بڑی تعداد میں دہشت گرد عناصر کا خاتمہ کیا جس کی بدولت آج یہ شہر دنیا کے دیگر پرامن شہروں کی طرح ہے۔ کراچی میں سماجی ، معاشی و تجارتی سرگرمیاں اپنے عروج پر ہیں اور مستقبل کی پیش بندی بھی کی جاری ہے یہ بات یقین سے کہی جاسکتی ہے کہ آج کی سرمایہ کاری مستقبل کی کامیاب ترین سرمایہ کاری ثابت ہوگی ۔

مزید : کراچی