کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ،کسی مصلحت کے بغیر اپنے اصولی موقف پر قائم رہیں گے :صدر ممنون حسین

کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ،کسی مصلحت کے بغیر اپنے اصولی موقف پر قائم رہیں گے ...
کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ،کسی مصلحت کے بغیر اپنے اصولی موقف پر قائم رہیں گے :صدر ممنون حسین

  

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کا ہر بچہ یہ احساس لے کر پیدا ہوتا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان کسی مصلحت کو خاطر میں لائے بغیر کشمیر پر اپنے اصولی موقف پر قائم رہے گا۔

سرکاری ٹی وی کے مطابق صدر مملکت ممنون حسین سے کشمیری حریت قائدین نے یومِ یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں ایوان صدر میں ملاقات کی، اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے ہے جو عالمی مسلمہ اصولوں کے عین مطابق ہے۔ان کا کہناتھا  کہ پاکستان کی قیادت اور عوام کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کرتے ہیں، پاکستان کشمیر کے عوام کی جدوجہد کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے، عالمی برادری اور دیگر مختلف عالمی فورمز کے ذریعے کشمیریوں پر ہونے والے مظالم سے بھی دنیا کو آگاہ کرتے رہیں گے۔صدر مملکت بولے کہ کشمیری عوام جس طرح پورے عزم اور جرات کے ساتھ آزادی کی تحریک چلارہے ہیں وہ لائق تحسین ہے اور پوری با ضمیر دنیا ان کے موقف کی حمایت کرتی ہے، پاکستان میں کوئی بھی حکومت ہو، کشمیر سے متعلق اپنا موقف کسی بھی صورت تبدیل نہیں کرے گی۔حریت قائدین نے مسئلہ کشمیر پر حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی مخلصانہ اور پر زور حمایت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی حمایت کی وجہ سے جدوجہد آزادی میں شریک کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہوتے ہیں۔ان قائدین نے کہا کہ مشکل کی ہر گھڑی میں کشمیر کے لوگ پاکستان کی طرف دیکھتے ہیں اور انہیں کسی بھی موقع پر پاکستان کے عوام یا حکومت پاکستان نے مایوس نہیں کیا۔

مزید : قومی /اہم خبریں