جماعت اسلامی نے پی آئی اے ملازمین اور حکومت میں ثالثی کی پیشکش کردی ، ملازمین کی ہلاکت پر وزیر اعظم قوم سے معافی مانگیں :سراج الحق

جماعت اسلامی نے پی آئی اے ملازمین اور حکومت میں ثالثی کی پیشکش کردی ، ملازمین ...
جماعت اسلامی نے پی آئی اے ملازمین اور حکومت میں ثالثی کی پیشکش کردی ، ملازمین کی ہلاکت پر وزیر اعظم قوم سے معافی مانگیں :سراج الحق

  

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)جماعت اسلامی نے پی آئی اے ملازمین اور حکومت میں ثالثی کی پیشکش کردی، امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے وزیراعظم نواز شریف سے کراچی میں ملازمین کی ہلاکت پر قوم سے معافی مانگنے کا مطالبہ کردیا۔

نجی نیوز چینل کے مطابق جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے مسلم لیگ ن کے رہنماوں خواجہ سعد رفیق اور سینیٹر مشاہد اللہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور پی آئی اے ملازمین اور حکومت کے درمیان ثالثی کرانے کی پیشکش کی۔ن لیگ کے رہنماوں نے جماعت اسلامی کی پیشکش کا خیر مقدمکرتے ہوئے پی آئی اے ملازمین اور حکومت کے درمیان پیدا ہونے والے  تنازع کو  مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر اتفاق کیا۔دوسری جانب امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کراچی میں فائرنگ سے پی آئی اے ملازمین کی ہلاکت کے واقعے پر وزیراعظم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ قوم سے معافی مانگیں۔انہوں نے پی آئی اے ملازمین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے اپیل کی کہ قومی ایئر لائنز کی نجکاری کے معاملے کا از خود نوٹس لے۔واضح رہے کہ نجکاری کیخلاف پی آئی اے ملازمین تقریباً 10 دن سے احتجاج کررہے ہیں، منگل کو کراچی میں ایک بڑے مظاہرے پر پولیس اور رینجرز کے لاٹھی چارج اور نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 3 ملازمین کے جاں بحق ہونے کے بعد سے احتجاج شدت اختیار کر گیا جبکہ پی آئی اے چیئرمین ناصر جعفر نے بھی معاملات کی سنگینی کے باعث اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا ۔

مزید : قومی