نوازشریف کی پالیسی کیوجہ سے پاکستان کی ڈوبتی معیشت بحال ہوئی،عوام نے جولائی میں درست فیصلہ کیا تو ترقی کا سفر چلتا رہے گا، شاہد خاقان عباسی

04 فروری 2018 (11:10)

چترال (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نواز شریف کی پالیسی کی وجہ سے پاکستان کی ڈوبتی معیشت بحال ہوئی ہے، جولائی میں عوام نے درست فیصلہ کرنا ہے اگر آپ نے درست فیصلہ کیا تو ترقی کا سفر چلتا رہے گا۔

چترال میں گولن گول منصوبے کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ گولن گول منصوبے کے بعدچترال میں کبھی لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی،منصوبے سے پیداہونے والی بجلی چترال کے عوام کوپہلے میسرہوگی، گولن گول منصوبہ چترال کے عوام کوپوراسال بجلی مہیاکرے گا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت میں ریکارڈترقیاتی کام ہوئے،کچھ حکومتیں صرف تختیاں لگاتی ہیں،ہم کام کرکے دکھاتے ہیں،شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ یہ منصوبہ چترال کے عوام کادیرینہ مطالبہ تھا،جہاں بھی مشکلات اورکمی ہوگی اس کو پورا کیاجائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں حکومتی وسائل چترال تک نہیں پہنچے،اب اربوں روپے کی سڑکیں بنائی جارہی ہیں، چترال سی پیک منصوبے میں شامل ہونے جارہاہے، شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج ملک میں بجلی اور گیس کا بحران ختم ہوچکاہے، پاکستان کو ایک درست سمت پر ڈال دیاگیاہے،چترال میں گیس کامسئلہ بھی حل کیاجائے گا۔

مزیدخبریں