پاکستان اور آذربائیجان میں تجارتی معاہدہ جلد متوقع

پاکستان اور آذربائیجان میں تجارتی معاہدہ جلد متوقع

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان و آذربائیجان کے درمیان تجارتی شعبے میں وسعت اور مختلف پٹرولیم مصنوعات پررواں ماہ معاہدہ ہونے کا امکان ہے،دونوں ممالک کے درمیان 2017ء میں سرکاری سطح پرفرنس آئل،پٹرول،ڈیزل اور لیکوڈ نیچرل گیس(ایل این جی) کے معاہدے پر اتفاق ہوا تھا۔سرکاری ذرائع نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ پاکستان اور آذربائیجان باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں اور اس حوالے سے رواں ماہ آذربائیجان کے وزیر خارجہ اسلام آبا د کا دورہ کریں گے جس میں تجارتی معاہدہ طے پانے کی توقع ہے۔انہوں نے بتایا کہ آذربائیجان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور اس کی گیس کی سالانہ پیداوار29.4 ارب کیوبک فٹ جبکہ تیل کی یومیہ پیداوار 8 لاکھ 60 ہزار بیرل ہے۔انہوں نے کہا کہ آذربائیجان پاکستان کے ایل این جی شعبہ میں اپنی ریاستی تیل کمپنی کے ذریعے سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتا ہے۔آذربائیجان کی ریاستی آئل کمپنی یوکرین، رومانیہ،جارجیا اور سوئٹزرلینڈ میں بھی پٹرول کے سٹیشنوں کا وسیع نیٹ ورک رکھتی ہے۔

مزید : کامرس