ٹیکسوں کویکجا کرنے کے علاوہ شرح میں بھی کمی کی جائے: انجمن تاجران

ٹیکسوں کویکجا کرنے کے علاوہ شرح میں بھی کمی کی جائے: انجمن تاجران

لاہور(نیوز رپورٹر) آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت مختلف ٹیکسز کو یکجا کرنے کے علاوہ ان کی شرح میں بھی کمی کرے ،کسی بھی پالیسی کو حتمی شکل دینے سے پہلے تاجروں کی نمائندہ تنظیموں سے مشاورت کے عمل کو یقینی بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ اور ساہیوال سے تعلق رکھنے والے تاجروں کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اشرف بھٹی نے کہا کہ چھوٹا تاجر کئی طرح کے ٹیکسز دے رہا ہے لیکن اسے کسی طرح کی سہولت اور مراعات حاصل نہیں۔بڑی انڈسٹری اور برآمد کنندگان کی طرح ٹیکس دینے والے تاجروں کو بھی اتنی ہی اہمیت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے تاجروں لاکھوں لوگوں کو روزگار کی فراہمی کیساتھ اربوں روپے ٹیکس کی مد میں قومی خزانے میں جمع کراتے ہیں لیکن انہیں مشاورت کے عمل میں شامل ہی نہیں کیا جاتا۔اگر حکومت معیشت کو ترقی دینے میں سنجیدہ ہے توخوف و ہراس کی فضاء کو ختم کر کے کاروبار دوست ماحول کو فروغ دیا جائے۔اشر ف بھٹی نے کہا کہ تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے لاہور چیمبر کے عہدیدروں سے ملاقاتیں شروع کی ہیں اور ہمیں امید ہے کہ ہمارے مسائل کومتعلقہ حکام تک پہنچایا جائیگا۔

مزید : کامرس