سعودی صنعتکار پاکستان میں سرمایہ کاری سے فائدہ اٹھائیں‘ تنویرالیاس

سعودی صنعتکار پاکستان میں سرمایہ کاری سے فائدہ اٹھائیں‘ تنویرالیاس

لاہور(نیوز رپورٹر) چیئرمین پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب تاریخ، مذہب اور ثقافت کے انتہائی گہرے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں جن کی مثال نہیں ملتی، مستقبل میں تعلقات میں مزید گہرائی اور گرمجوشی پیدا ہو گی، سعودی سرمایہ کار اور تاجر پاکستان میں صنعت و تجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ان خیالات کا اظہار چیئرمین پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ سردار تنویر الیاس خان نے سعودی عرب کے ایک وفد اوراس موقع پر آئے ہوئے صحافیوں سے ملاقات کے دوران کیا۔چیئرمین پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ سردار تنویر الیاس خان نے کہاکہ پنجاب سرمایہ کاری کے لئے آئیڈیل صوبہ ہے اور پنجاب کوملک کا زرعی اور معاشی حب ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔اس کی وجہ یہ ہے کی پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع بے شمار ہیں پنجاب میں زراعت اور اس کے ساتھ ساتھ انڈسٹری میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری ہو سکتی ہے۔انھوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ایک مختلف سوچ لے کر آئی ہے جس کے تحت بزنس اور سرمایہ کاری کو فروغ اور تحفظ دینا چاہتے ہیں۔ سردار تنویر الیاس خان چیئرمین پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کا بہت پوٹینشل ہے اور بیرون ممالک کے سرمایہ کار بھی پاکستان میں سرمایہ لگا رہے ہیں۔اس بات کی یقین دہانی کرواتا ہوں کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو اب اپنے کاموں کے لئے مختلف دفاتر میں چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔اور بیرون ممالک سے آنے والے سرمایہ کاروں کو ائرپورٹ سے خود لینے جاوں گا۔ملاقات میں مختلف شعبوں میں صوبہ میں سرمایہ کاری کے مواقعوں اورباہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید : کامرس