نواز شریف کی صحت کے بارے حکمران حقائق چھپارہے ہیں : پرویز ملک

نواز شریف کی صحت کے بارے حکمران حقائق چھپارہے ہیں : پرویز ملک

لاہور(سٹی رپورٹر ) پاکستان مسلم لیگ ن لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر اورایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات عامر خان نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی صحت کے بارے میں جعلی حکمران حقائق چھپا رہے ہیں جعلی رپورٹس عوام کے سامنے پیش کررہے ہیں ، کچھ ہوا تو ذمہ دار سلیکٹد وزیر اعظم ہوں گے، سانحہ ساہیوال کے مقتول خلیل جس کے خاندان پر قیامت صغریٰ ٹوٹی ان سے انصاف نہیں کیا جا رہا ، اس پر جوڈیشل کمیشن بن جاتا تو انصاف ہوجاتا اور اس سے حکمرانوں کی عزت ہوتی۔عمران نیازی اپوزیشن آپ کو علیمہ باجی اور’فارن فنڈنگ‘میں این آر او نہیں دے گی، عمران نیازی اپوزیشن آپ کی نااہلی پر خاموش نہیں رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی دفتر میں رہنماؤں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی علی پرویز ملک،غزالی سلیم بٹ،چوہدری شہباز،سید توصف شاہ،عنیزہ فاطمہ، سعدیہ تیمور، میاں مرغوب،چوہدری ،سمیر ا امجد سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کل یوم کشمیر شایان شان طریقے سے منائے گی، اس سلسلہ میں تاریاں بھی جاری ہیں،انہوں نے کہا کہ اقتدار میں شامل نالائقوں کے ٹولے نے ملک کو ایک مرتبہ پھر اندھیروں میں دھکیل دیا ہے جبکہ ملک کی دن رات خدمت کرنے والے اورقوم کو گھٹا ٹوپ اندھیروں سے نکالنے اور ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کرنے والوں کو جیلوں میں ڈال دیا گیا ہے۔

ُ شعبہ نشرواشاعت

مزید : میٹروپولیٹن 1