نواز شریف کے طبی ٹیسٹ، گردے میں پتھری کی نشاندہی، کارکنوں کا ہسپتال کے باہر علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ

نواز شریف کے طبی ٹیسٹ، گردے میں پتھری کی نشاندہی، کارکنوں کا ہسپتال کے باہر ...

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں)سابق وزیراعظم نوازشریف کا خرابی صحت کے باعث سروسز ہسپتال میں علاج جاری ہے۔ ڈاکٹروں کی سفارش پر مختلف طبی ٹیسٹ کئے گئے۔تفصیلات کے مطابق ڈاکٹروں کے چھ رکنی بورڈ نے ابتدائی ٹیسٹ کئے اور گزشتہ روزنہار منہ لپرڈ پروفائل سمیت دیگر ٹیسٹ ہونے کے بعد ہسپتال میں ہی سی ٹی سکین اور الٹر اساؤنڈ بھی کیا گیا۔ہسپتال میں خصوصی سیکورٹی کے حصار میں وی وی آئی پی روم سے نیو او پی ڈی منتقل کیا گیا اس دوران ڈیوٹی پر موجو ایلیٹ اہلکار بھی میاں نواز شریف سے متاثر نظر آئے اور سلیوٹ بھی کئے۔ نیو او پی ڈی بلاک میں نواز شریف ایک گھنٹہ سے زیادہ موجود رہے جہاں ٹیسٹ اور طبی معائنہ ہوا۔انکی سی ٹی سکین ٹیسٹ کی رپورٹ منظرعام پر آ گئی ہے۔جس میں انکے بائیں گردے میں مائنر پتھری کی نشاندہی ہوئی ہے اور اس معاملے پر ڈاکٹرز کی مشاورت جاری ہے جب کہ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ میاں نواز شریف کے گردے میں موجود پتھری لتھوٹرپسی کے ذریعے نکالی جا سکتی ہے۔سروسز ہسپتال کی غازی علم دین شہید وارڈ میں نواز شریف کا سی ٹی سکین کے یو بی ٹیسٹ سمیت دیگر ٹیسٹ لیے گئے، سی ٹی سکین گردوں کی بیماری کے باعث کیا گیا تھا۔علاوہ ازیں سابق وزیراعظم کے دل کے معائنے کیلئے پی آئی سی کو کال بھجوادی گئی، سروسز ہسپتال کا وی آئی پی روم سابق وزیراعظم کیلئے مختص کردیا گیا ہے جبکہ گزشتہ روز بھی3 رکنی میڈیکل بورڈ نے ایک گھنٹے تک نواز شریف کا طبی معائنہ کیا تھا۔دوسری طرف سروسزہسپتال کے گیٹ پر مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے اظہار یکجہتی کیلئے علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ بھی کیمپ لگا لیا اور دعائے صحت کا سلسلہ بھی جاری ہے۔مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد صبح سویرے ہی سروسز ہسپتال پہنچ گئی تاہم پولیس اہلکاروں نے انہیں نواز شریف کیلئے مختص کمرے تک رسائی نہ دی ۔ اس موقع پر کارکن نوازتیرے جانثار بے شمار بے شمار، ظلم کے ضابطے ہم نہیں مانتے ، میاں صاحب آئی لو یو کے نعرے لگاتے رہے ۔

نوازشریف

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں)سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف جلد صحت یاب ہوکر عوام کے درمیان ہوں گے۔نواز شریف سے ان کی صاحبزادی مریم نواز، داماد کیپٹن (ر)صفدر اور مریم نواز کے داماد راحیل منیر نے سروسز ہسپتال میں ملاقات کی۔ہسپتال انتظامیہ نے مریم نواز کے داماد راحیل منیر کو ملاقات سے روکا تھا تاہم مریم نواز کی مداخلت پر راحیل منیر کو اندر جانے کی اجازت ملی۔مریم نواز اپنے والد کیلئے ان کی پسند کا تیار کردہ کھانا بھی ہمراہ لائیں، جس کے بعد اہل خانہ نے ایک ساتھ کھانا کھایا۔والد سے ملاقات میں مریم نواز نے ان کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ عوام کی محبت و خلوص آپ کے ساتھ ہے، ہسپتال کے باہر کارکنان موجودہیں جو آپ کی صحت کے لیے فکر مند ہیں۔نواز شریف کی صاحبزادی نے کہا کہ انشااللہ آپ بہت جلد صحت یاب ہو کر عوام کے درمیان ہوں گے۔ہسپتال کے باہر لیگی کارکنان نے نوازشریف کی صحت کیلئے قرآن خوانی کی جبکہ کچھ کارکنان نے علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ لگا کر اپنے قائد سے اظہار یکجہتی کیا۔

مزید : صفحہ اول