کشمیر متنازعہ معاملا، بات کرنے کیلئے تیار، بھارتی مظالم پر خاموش نہیں رہ سکتے : شاہ محمود

کشمیر متنازعہ معاملا، بات کرنے کیلئے تیار، بھارتی مظالم پر خاموش نہیں رہ ...

لندن ، اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی برطانیہ میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ اجتماعات میں شرکت کیلئے لندن پہنچ گئے،ہیتھرو ائرپورٹ پرپاکستانی ہائی کمشنر نفیس زکریا اور پاکستان ہائی کمیشن کے دیگر اعلیٰ حکام نے وزیر خارجہ کا استقبال کیا ۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی لندن میں قیام کے دوران برطانوی پارلیمنٹ میں منعقدہ انٹرنیشنل کشمیر کانفرنس سے خطاب کریں گے ۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی 5 فروری کو انٹر کانٹینینٹل ہوٹل پارک لین لندن میں کشمیر ڈے کے حوالے سے منعقدہ بین الاقوامی نمائش میں بھی بطور مہمان خصوصی شریک ہوں ہونگے ۔ لندن پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان پر امن ملک ہے ہم تناؤ اورلڑائی نہیں چاہتے کشمیر متنازعہ معاملہ ہے اس پر بیٹھ کر بات کرنے کیلئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ مودی مقبوضہ کشمیر گئے وہاں مکمل ہڑتال تھی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کی اقوام متحدہ کی رپورٹ موجود ہے ،ایک سوال کے جواب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ نواز شریف کیساتھ دیل کا مجھے علم نہیں ہے۔لندن کسی کی ذات پر تنقید کرنے نہیں بڑے مقصد کے لیے آیا ہوں۔روانگی کے وقت اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کشمیر ہماری خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے۔مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے پاکستان کا موقف انتہائی واضح اور دو ٹوک ہے . لندن میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر نہتے کشمیریوں پر ہونے والے بھارتی مظالم اور جبر استبداد کے خلاف بھر پور آواز اٹھائیں گے . وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے لئے ہائی کمشنر کے دفتر (او ایچ سی ایچ آر)اوربرطانوی پارلیمانی گروپ کی حالیہ رپورٹس نے پاکستانی موقف کی تائید کی ہے. پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی منظور کردہ قراردادوں کی روشنی میں کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول تک انکی بھرپور سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے لندن روانگی سے قبل آل پارٹیز حریت کانفرنس کی سینیئر قیادت سے ٹیلفونک رابطہ کیا اور یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے لندن میں ہونے والے پروگرام کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

مزید : صفحہ اول