جماعت اسلامی ، امیر کے انتخاب کیلئے خفیہ بیلٹ جاری، لیاقت بلوچ ، سراج الحق پروفیسر ابراہیم کا نام تجویز

جماعت اسلامی ، امیر کے انتخاب کیلئے خفیہ بیلٹ جاری، لیاقت بلوچ ، سراج الحق ...

لاہور (رپورٹ،میاں اشفاق انجم) جماعت اسلامی کے امیر کے انتخاب کیلئے خفیہ بیلٹ جاری،39124 ارکان نئے امیر کیلئے ووٹ کا استعمال کریں گے،مرکزی شوریٰ نے ارکان کی رہنمائی کیلئے لیاقت بلوچ، سراج الحق، پروفیسر ابراہیم کا نام تجویز کر رکھا ہے۔ ارکان ان تین ناموں میں سے کسی ایک کو یا کسی بھی رکن کو ووٹ دے سکتے ہیں،جماعت اسلامی کے الیکشن کمیشن کے سربراہ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسعد اللہ بھٹو نے ممبران الیکشن کمیشن سے مشاورت کے بعد ووٹ کاسٹ کرنے کی آخری تاریخ5مارچ طے کی ہے، نئے امیر جماعت اسلامی پاکستان کا اعلان21مارچ کو کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، 7اپریل سے پہلے نومنتخب امیر جماعت اسلامی پاکستان حلف اٹھائیں گے، مرکزی شوریٰ کی طرف سے ارکان کی رہنمائی کیلئے دیئے گئے تین ناموں میں لیاقت بلوچ سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے ہیں، لیاقت بلوچ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے سابق ناظم اعلیٰ رہنے کے ساتھ ساتھ امیر جماعت لاہور، امیر جماعت اسلامی پنجاب مرکزی نائب میر رہے ہیں،متعدد بار رکن قومی اسمبلی رہے،دوسرے امیدوار پروفیسر ابراہیم اسلامی جمعیت طلبہ کے سابق رکن سابق امیر جماعت اسلامی صوبہ خیبرپختونخوا ، سابق سینیٹرز ہیں اوراس وقت نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں، تیسرا نام گزشتہ پانچ سال سے امیر جماعت اسلامی پاکستان کے طور پر فرائض انجام دینے والے سینیٹر سراج الحق کا ہے جو اسلامی جمعیت طلبہ کے تین دفعہ ناظم اعلیٰ رہے۔ صوبہ سرحد کے امیررہے ہیں۔ ایم ایم اے کے دورِ حکومت میں صوبہ سرحد میں وزیر خزانہ اور سینئر وزیر بھی رہ چکے ہیں۔الیکشن کا عمل شروع ہو چکا ہے ،نئے امیرکیلئے تنظیم کا تحرک،اداروں کی بحالی، تربیتی نظام کا ازسر نو جائزہ، اتحادی سیاست سے ناراض ہونے والے کارکنان کو دوبارہ تنظیم میں لانا بڑے چیلنجز ہوں گے۔ مرکزی امیر کے انتخاب کے ساتھ مرکزی شوریٰ کا انتخاب بھی ساتھ ساتھ ہی ہونے جا رہا ہے۔

جماعت اسلامی /انتخاب

مزید : صفحہ اول