دوست ممالک سے مالی تعاون کے بعد معاشی صورتحال میں بہتری آئی ، حماد اظہر

دوست ممالک سے مالی تعاون کے بعد معاشی صورتحال میں بہتری آئی ، حماد اظہر

اسلام آباد (این این آئی) وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے کہا ہے کہ دوست ممالک سے مالی تعاون کے بعد معاشی صورتحال میں بہتری آئی ہے ،صنعتوں ، زراعت اور چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کا فروغ تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے 2300 بلین روپے کا خسارہ چھوڑا جس کی وجہ سے کئی اقتصادی شعبوں پر بوجھ بڑا تاہم دوست ممالک سے مالی تعاون کے بعد قومی معیشت میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں ، زراعت اور چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کا فروغ تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ سابق حکومتوں کی غلط اور غیر دانشمندانہ پالیسیوں نے ٹیکسٹائل کی فعال اور بڑی برآمدی صنعت کو خطرے میں ڈالا ہے جس سے بعد ازاں ملک کی مجموعی معیشت تباہ ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ٹیکسٹائل کی پیداوار پر ڈیوٹی کم کی ہے اور بجلی اور گیس کی قیمتوں میں علاقائی منڈیوں کے مطابق اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قومی زرعی پالیسی پر کا م کر رہی ہے جس میں کپاس کی فصل کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت ٹیکسوں کے دائرہ کار کو وسعت دے کر صنعتکاروں اور تاجروں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرکے اقتصادی بحالی کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے جس سے قومی معیشت کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔

مزید : صفحہ آخر