سابق ادوار میں قومی وسائل نمائشی منصوبوں پر ضائع کئے گئے،بزدار

سابق ادوار میں قومی وسائل نمائشی منصوبوں پر ضائع کئے گئے،بزدار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(این این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے کہا ہے کہ عوام کی خدمت کا ایجنڈا لے کر آئے ہیں اور تبدیلی کے سفر میں کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دیں گے۔ سابق ادوار میں قومی وسائل نمائشی منصوبوں پر ضائع کئے گئے۔ اب تبدیلی آ چکی ہے اور عوام کی ترقی و خوشحالی کے حقیقی منصوبوں کو آگے بڑھائیں گے۔وہ وزیراعلیٰ آفس میں مختلف وفود سے گفتگو کررہے تھے۔وزیراعلی نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مختصر عرصے میں عام آدمی کی فلاح کیلئے عملی اقدامات کئے ہیں اور وزیراعظم عمران خان کی جرأت مندانہ قیادت میں پاکستان اپنی کھوئی ہوئی منزل کی جانب بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب کے عوام کی ترقی و خوشحالی دل و جان سے مقدم ہے اورتحریک انصاف کی حکومت نے صوبے کے عوام کی بنیادی ضرورتیں پوری کرنے کیلئے جامع پروگرام تشکیل دیاہے۔ تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں میں اصلاحات لائی جا رہی ہیں او ران شعبوں کو بہتر بنا کر عوام کو سہولتیں دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر وسائل فراہم کئے ہیں اور نئے پاکستان میں عوام کو ان کا حق ملے گا۔وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کی نئی منازل طے کرے گا۔دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے فیکٹری ایریا کے علاقے میں ڈور پھرنے سے 2افرادکے زخمی ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔وزیراعلیٰ نے پتنگ بازی کے واقعات پر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے حکم دیا کہ پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔
عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -