میڈیا کو حکومت پر انحصار کے بجائے اپنا سٹر کچر بہتر بناناہو گا، نواز ، زرداری نے لندن یاجیل میں دن گزارنے ہیں:فواد

میڈیا کو حکومت پر انحصار کے بجائے اپنا سٹر کچر بہتر بناناہو گا، نواز ، زرداری ...

اسلام آباد،لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوز ایجنسیاں)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کا کہنا ہے نواز شریف اور آصف زرداری نے لندن یا جیل میں دن گزارنے ہیں،میڈیا سمیت تمام نجی کاروبار کرنیوالوں کو حکومت پر انحصار کرنے کے بجائے اپنا سٹرکچر خود ہی بہتر بنانا ہو گا، ماضی کی حکومتوں نے خزانہ خالی چھوڑا ہے ، ہم حج پر بھی سبسڈی نہیں دے پارہے ہیں ،ہمار ی کچھ حدود ہیں جن سے تجاوز نہیں کر سکتے ۔ ایک انٹرویو میں وزیر اطلاعات ونشریات چوہدری فواد حسین نے کہاکہ کوئی بھی نجی کاروبار حکومت پر انحصار کر کے نہیں چلتا اور میڈیا کا بزنس بھی حکومت پر انحصار کر کے نہیں چلے گا۔ انہوں نے کہاکہ نجی کاروبار کی ایک اپنی نوعیت ہوتی ہے ایک فزیبلٹی ہوتی ہے جس کے مطابق انہوں نے چلنا ہے جس کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور جدید پیٹرن کو اپنانا ہو گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میڈیا سے تعاون تو کیا جاتا ہے لیکن اصل مسئلہ میڈیا کو تعاون کا نہیں بلکہ میڈیا کے سٹرکچر کا ہے جسے ٹھیک کرنا ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ جب تک میڈیا ماڈرن کلچر کو نہیں اپنائے گا، ماڈرن ٹرینڈز کو نہیں لائے گا، جدید پیٹرنز نہیں اپنائے گا ترقی کرنا مشکل ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ میڈیا کو اپنے خرچے کنٹرول کرنے ہوں گے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت ذرائع ابلاغ کی صنعت سمیت اداروں کومالی بحران سے نکالنے کیلئے اپنا کردار ادا کررہی ہے،موجودہ حکومت نے ذرائع ابلاغ کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اب تک تقریباً چالیس کروڑ روپے جاری کئے ہیں۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اضافی گیس بل پر انکوائری کا حکم دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ کا پہلا مرحلہ کل سے شروع ہو رہا ہے اور ہیلتھ کارڈ کے ذریعے 7 سے 9 لاکھ روپے کا علاج مفت ہوگا۔ان کا کہنا ہے کہ سانحہ ساہیوال پر وزیر اعظم نے متاثرین سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے، محکمہ پولیس میں بہت بڑے ریفارمز لائے جا رہے ہیں۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) کے کوئی تحفظات نہیں ہیں، کوئی بھی اختلاف سنجیدہ نہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی صحت سے متعلق ڈاکٹرز نے فیصلہ کرنا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری نے جیل میں دن گزارنے ہیں یا تو پھر لندن میں گزارنے ہیں، آپ اتنا عرصہ اقتدار میں رہے لیکن آخر میں کہیں کہ ہمیں لندن بھیج دیں، یہ عمل باعث شرم ہے، زرداری صاحب کے کارنامے اتنے بڑے ہیں کہ اب ان کی مدد کوئی نہیں کرسکتا۔فواد چوہدری سے صحافی نے سوال کیا کہ نوازشریف کو سلیوٹ کرنے پر پولیس اہلکار کے خلاف تحقیقات کی جارہی ہیں؟ جس کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہم اتنے چھوٹے دل کے لوگ نہیں۔

مزید : کراچی صفحہ اول