آئی جی سندھ کا ویسٹ انڈیز اور پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں عشائیہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر )سینٹرل پولیس آفس کراچی میں آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے ویسٹ انڈیز اور پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔اس پروقار تقریب کا اہتمام سندھ پولیس کیجانب سے کیا گیا۔عشائیہ میں پی سی بی کے آفیشلز سمیت ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے آفیشلز نے بھی شرکت کی جبکہ دیگر مہمانان گرامی میں پولیس کے حاضر اور ریٹائرڈ سینئر افسران کے علاوہ پاکستان آرمی،رینجرز، انٹیلی جینس اداروں کے افسران کے ساتھ ساتھ معروف صنعتی وتجارتی شخصیات اور مختلف میڈیا گروپس کے بیوروچیفس ودیگر نے بھی باالخصوص شرکت کی۔آئی جی سندھ نے ویمنز کرکٹ ٹیمز ودیگر تمام مہمانان گرامی کا استقبال کیا اور انھیں خوش آمدید کہا۔اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانوں کے اعزاز میں تقریب کے تمام شرکاء کھڑے ہوگئے ۔آئی جی سندھ نے کہا کہ کرکٹ میرا بھی پسندیدہ کھیل ہے اور برائن لارا بلاشبہ دنیائے کرکٹ کا ایک لیجنڈ پلیئر ہے ۔انہوں نے کہا کہ ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم کی آمد نے اس بات کو ثابت کردیا ہے کہ ارضِ پاکستان ایک محفوظ خطہ ہے جبکہ سندھ امن کی دھرتی اور کراچی روشنیوں کا شہر ہے ۔انہوں نے ویسٹ انڈین ویمن کرکٹ ٹیم کے کھیل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی بھی امن کے سفیر ہیں اور یہ جب بھی کسی ملک سے واپس اپنے دیس جاتے ہیں تومیزبان ممالک کے عوام کی محبتیں مہمان نوازی اور احسن سلوک اپنے ساتھ لیکر جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب بین الاقوامی کرکٹ کی راہیں وطن عزیز میں مسدود تھیں تو ویسٹ انڈیز ہی کی ٹیم تھی جس نے پاکستان کا دورہ کرکے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے ۔اس موقع پر ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کی کپتان میریسا نے سندھ پولیس کیجانب سے انکے اعزاز میں دیئے گئے عشایئے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم واپس جاکر دنیا کو بتائیں گے کہ پاکستان کرکٹ کے لیئے ایک محفوظ ملک ہے یہاں کے لوگ پرامن اور بہت چاہنے والے ہیں اور ہماری خواہش ہے کہ ہم دوبارہ پاکستان آئیں۔پاکستان میں ہم نے کرکٹ کو خوب انجوائے کیا بات ہار یا جیت کی نہیں یہ تو کسی بھی کھیل کی بنیاد ہے ۔پاکستان کے لوگوں کا کرکٹ سے پیار اور کھلاڑیوں کا احترام دیکھ کر نا صرف مجھے بلکہ تمام ٹیم میٹس سمیت کرکٹ آفیشلز کو بھی بہت خوشی ہوئی اور یہ سب ہمارے لیئے ناقابلِ فراموش ہے ۔پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے اس موقع پر کہا کہ مہمان کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں سندھ پولیس کیجانب سے دیا جانیوالا عشائیہ ایک خوش آئند اقدام ہے جسکی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب مہمان ٹیم اپنے وطن واپس جائیگی تو دنیا کو پاکستان کیجانب سے امن اور محبت کا پیغام دیگی جس سے بلا شبہ بین الاقوامی کرکٹ کی پاکستان میں واپسی یقینی ہوجائیگی۔