پیپلز پارٹی نئے انتخابات کے مطالبے کیلئے کس کے فیصلے کا انتظار کررہی ہے ؟سینیٹر سسی پلیجو نے بتا دیا

پیپلز پارٹی نئے انتخابات کے مطالبے کیلئے کس کے فیصلے کا انتظار کررہی ہے ...
پیپلز پارٹی نئے انتخابات کے مطالبے کیلئے کس کے فیصلے کا انتظار کررہی ہے ؟سینیٹر سسی پلیجو نے بتا دیا

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پیپلز پارٹی کی سینیٹر سسی پلیجو نے کہاہے کہ اگر عوام نے فیصلہ کرلیا تو پھر نئے انتخابات کا مطالبہ کیا جاسکتاہے ،بلاول پر حملوں کی وجہ حکومتی فرسٹریشن ہے ۔

جیونیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سسی پلیجو نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اتنی مشکلات اورچیلنجز کے باوجود اپنی والدہ کا مشن لیکر آگے بڑھ رہے ہیں، ا ن پر جو حملے کئے جارہے ہیں ، یہ ان چیزوں کی فرسٹریشن ہے جن کو حکومت درست نہیں کرپارہی ہے ۔

نئے انتخابات کے حوالے سے سوال پر ان کا کہناتھا کہ الیکشن کے حوالے سے بہت سے سوالیہ نشانات اب بھی لگے ہوئے ہیں، پانی ، گیس سے لیکر بجلی مہنگی کردی گئی ہے ، صوبوں میں بے چینی ہے ، منی بجٹ میں غریب لوگوں کے حوالے سے کوئی کام نہیں کیاگیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ابھی تک عوام کے مفاد میں کوئی فیصلہ نہیں کیا ، صوبوں کوکچھ دینا تو دور کی بات بلکہ صوبوں سے زرعی ٹیکس لینے کی بات بھی کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوام نے فیصلہ کرلیا تو پھر نئے انتخابات کا مطالبہ کیا جاسکتاہے لیکن ہم جمہوری لوگ ہیں اور ہم نے یہ بات پہلے ہی کی تھی کہ حکومت کو اپنے پانچ سال پور ے کرنے چاہئے ۔

مزید : قومی