حکومت الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرے ہم بات چیت کیلئے تیار ہیں ، سینیٹر فیصل جاوید

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹر فیصل جاوید نے کہاکہ حکومت الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرے ہم بات چیت کیلئے تیار ہیں ، مقدمات درج کرنے سے ڈالر نیچے نہیں آئے گا۔
اسلام آباد کی مقامی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ فیصل جاوید نے کہاکہ آج مہنگائی پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ ہے،کوئی بل لانے کی کوشش کی جا رہی ہے ، یہ بل صحافی تو کیا ہمیں بھی قبول نہیں ، آزادی صحافت پر قدغن کسی صورت قبول نہیں ۔
فیصل جاوید نے کہاکہ ہمیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہاہے ،عمران خان سمیت ہم سب پر پرچے ہیں ، ہم پر پرچے کرنے سے معیشت ٹھیک نہیں ہوگی،ایک طرف مقدمات اور دوسری طرف یہ سیاسی اتفاق رائے کر رہے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ آئین کہتا ہے 90 دن کے اندر اندر الیکشن ہونا لازمی ہے ،کبھی ایک عدالت تو کبھی دوسری عدالت میں تاریخ پر تاریخ چل رہی ہے ،ان کاکہناتھا کہ جمہوریت کے اندر آواز اٹھائی تو ہم پر پرچے کر دیئے گئے ہیں، مجھ پر 13 پرچے چل رہے ہیں ، پہلے کرنسی نوٹ چھاپے جاتے تھے اب پرچے چھاپے جا رہے ہیں ۔
ان کاکہناتھا کہ الیکشن کی تاریخ کا اعلان کریں ہم آپ کے ساتھ بیٹھنے کیلئے تیار ہیں ، مقدمات درج کرنے سے ڈالر نیچے نہیں آئے گا،ہر پلیٹ فارم پر شیخ رشید کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے تیار ہیں ۔