شہری سندھ میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا معاملہ ،خالد مقبول صدیقی نے چیف جسٹس کو سوموٹو نوٹس لینے کیلئے درخواست ارسال کردی 

شہری سندھ میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا معاملہ ،خالد مقبول صدیقی نے چیف جسٹس ...
شہری سندھ میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا معاملہ ،خالد مقبول صدیقی نے چیف جسٹس کو سوموٹو نوٹس لینے کیلئے درخواست ارسال کردی 

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)شہری سندھ میں بلدیاتی انتخابات کرانے کے معاملے پرایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے چیف جسٹس کو سوموٹو نوٹس لینے کیلئے درخواست ارسال کردی ۔

نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق خالد مقبول صدیقی نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ شہری سندھ میں غیرقانونی غیرآئینی طریقے سے انتخابات کرائے گئے ،انتخابات کرانے میں 22 ویں آئینی ترمیم کی کھلی خلاف ورزی کی گئی ،کمیشن کورم پورا نہ ہونے کے باوجود شیڈول کا نوٹیفکیشن جاری کیاگیا۔

خالد مقبول صدیقی نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات کرانے میں عالمی قوانین کو بھی نظرانداز کیاگیا،متنازع حلقہ بندیوں پر انتخابات میں شہری سندھ کے لوگوں کے حقوق سلب کئے گئے ،بلدیاتی انتخابات کے انعقاد پر سوموٹو نوٹس لیا جائے ،درخواست میں جنیوا کنونشن کے حوالہ جات بھی شامل ہیں۔

خالد مقبول صدیقی کی جانب سے درخواست کی نقول کمشنر اقوام متحدہ انسانی حقوق سیل جنیوا کو بھی ارسال کی گئی،درخواست کی نقول سپریم کورٹ کے تمام ججز ،چیف الیکشن کمشنر، تمام صوبوں الیکشن کمیشن ،صدر مملکت، وزیراعظم پاکستان ، وزیراعلیٰ سندھ ،گورنر سندھ، چیف سیکرٹری اور چیئرمین انسانی حقوق پاکستان اورچیئرمین فافین کو بھی ارسال کر دی گئیں،درخواست طارق منصور ایڈووکیٹ کے توسط سے ارسال کی گئی ۔