شیخ رشید نے اپنی منتقلی اسلام آباد سے کراچی روکنے کیلئے ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد نے اپنی منتقلی اسلام آباد سے کراچی روکنے کیلئے ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی اور مری کے مقدمات میں حوالگی روکنے کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائرکر دی گئی،شیخ رشید نے اپنے وکیل سردار عبدالرزاق خان کے ذریعے درخواست دائر کی ۔
شیخ رشید کی جانب سے درخواست میں کہاگیاہے کہ عمران نے آصف زرداری پر قتل کا الزام لگایا جس کا میں نے حوالہ دیا،میرے خلاف مقدمات میں مدعی متاثرہ فریق نہیں ، درخواست میں استدعا کی گئی ہے سیاسی بیان بازی کی بنا پر مزید مقدمات درج کرنے سے روکا جائے ،آبپارہ، مری اور کراچی کے مقدمات غیرقانونی قرار دے کر کالعدم قرار دیں ۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ کراچی کا مقدمہ اختیار سے تجاوز قرار دیا جائے یا اسلام آبادمنتقل کیا جائے ،شیخ رشید نے استدعا کرتے ہوئے کہاکہ کیس کے حتمی فیصلے تک کراچی منتقلی سے روکاجائے،سندھ اور پنجاب کے آئی جیز، سیکرٹری داخلہ درخواست میں فریق بنایا گیا ہے۔