پاکستانی ایجنسیوں نے کشمیریوں کو قتل کرنے کے بھارتی منصوبے کا پتہ چلا لیا

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستانی ایجنسیوں نے کشمیریوں کے قتل کے بھارتی منصوبے کا پتہ چلا لیا۔ بھارتی حکومت نے ڈرامے کو آپریشن کا رنگ دے کر پاکستان پر دراندازی اور دہشت گردی کا الزام لگانا تھا۔
نجی ٹی وی ڈان نیوز کے مطابق پاکستانی ایجنسیاں ایک اور کامیابی حاصل کرتے ہوئے سی آئی ڈی کشمیر کا جموں و کشمیر پولیس کے سربراہ کو مراسلہ منظر عام پر لے آئیں۔ مراسلے کے مطابق بھارتی فوج اور را نے مجبور کشمیریوں کو پیسے دے کر اسمگلنگ پر آمادہ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ ابتدائی طور پر اسلحہ اور منشیات کی چھوٹی کھیپ اسمگل کی جانی تھی۔ 50 رائفل، 30 پستول، 20 دستی بم اور 50 کلو گرام منشیات کی آزاد کشمیر سے جعلی اسمگلنگ کا منصوبہ تھا۔ اسی دوران جعلی اسمگلرز کو بھارتی فوج کے ہاتھوں مروایا جانا تھا۔ صورتحال کو آپریشن کا رنگ دے کر پاکستان پر دراندازی اور دہشت گردی کا الزام لگایا جانا تھا۔
مراسلے کے مطابق آپریشن میں ملوث افسران کو انعام کے طور پر ہتھیار اور آوٹ سٹینڈنگ رپورٹ سے نوازا جاتا۔ مراسلے میں 3 راجپوت کے حاجی پیر سیکٹر کے جعلی آپریشن میں شامل ہونے کا ذکر کیا گیا ہے۔ 12 جاٹ کے اڑی سیکٹر اور لیفٹننٹ کرنل آکشنت کا بھی ضلع کپواڑہ میں جعلی آپریشن کا ذکر ہے۔
واضح رہے کہ پاکستانی ایجنسیوں نے اس سے قبل فالس فلیگ آپریشن کا بھانڈہ بھی پھوڑا تھا جس کے تحت بھارتی یوم جمہوریہ پر دراندازی کا ڈرامہ کر کے الزام پاکستان پر دھر کر عالمی برادری میں دہشت گردی کا واویلا کرنا تھا۔