شیخ رشید عدالت میں پیشی کے موقع پر گرتے گرتے بچے

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید عدالت میں پیشی کے موقع پر گرتے گرتے بچے تاہم پولیس اہلکاروں نے انہیں سنبھلنے میں مدد دی۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر آج اسلام آباد کی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا، شیخ رشید کو سخت سکیورٹی کے حصار میں کچہری لایا گیا اور جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
سماعت کے موقع پر عدالت کے باہر شدید رش دیکھنے میں آیا، دھکم پیل کے سبب شیخ رشید گرنے ہی لگے تھے کہ پولیس اہلکاروں نے انہیں تھام لیا۔
واضح رہے کہ سابق صدر آصف زرداری پر قتل کی سازش کا الزام لگانے کے کیس میں شیخ رشید کے مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا ہے جو شام 4 بجے سنایا جائے گا۔