ڈولفنز کے ساتھ تیرنے کیلئے دریا میں کودنے والی 16 سالہ لڑکی شارک کے حملے کا نشانہ بن کر جان گنوا بیٹھی
کنبرا ( ڈیلی پاکستان آن لائن) مغربی آسٹریلیا میں ایک دریا میں تیرتے ہوئے 16 سالہ لڑکی شارک کا نشانہ بن کر جان گنوا بیٹھی.
اے ایف پی کے مطابق ریاستی حکومت کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ لڑکی کو شمالی فریمینٹل میں پرتھ کے مضافاتی علاقے میں دریائے سوان میں شارک کی ایک نامعلوم نسل نے کاٹا تھا۔ فریمینٹل ڈسٹرکٹ پولیس کے قائم مقام انسپکٹر پال رابنسن نے کہا کہ اسے پانی سے نکالا گیا لیکن اس کی جان بچانے کی کوششیں ناکام ہونے کے بعد جائے وقوعہ پر ہی مردہ قرار دے دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ جیٹ سکی پر تھی، ممکنہ طور پر قریب ہی ڈولفن کا ایک جھنڈ تھا اور نوجوان لڑکی ڈولفنز کے ساتھ تیرنے کے لیے پانی میں کود پڑی۔
انہوں نے کہا کہ ماہی گیری کے ماہرین کے مطابق دریا کے اس حصے میں شارک کا پایا جانا غیر معمولی بات ہے۔