رانا ثنا اللہ نے سابق آرمی چیف قمر جاویدباجوہ اور سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید پرگزشتہ سال 28نومبر تک عمران خان کی سہولت کاری کا الزام لگا دیا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور جنرل (ر) فیض حمید پر 28نومبر 2022ءتک عمران خان کے لیے سہولت کاری کرنے کا الزام عائد کر دیا۔ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق وزیرداخلہ نے نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنرل باجوہ اور جنرل فیض28نومبر تک عمران خان کے لیے سہولت کاری کرتے رہے۔
رانا ثناءاللہ نے کہا کہ عمران خان کو سڑکوں پر لانے کے لیے سہولت کاری کی جا رہی تھی۔ اب عمران خان کے لیے سہولت کاری نہیں ہو رہی۔ وہ لانگ مارچ کرکے اسلام آباد کو بند کرنا چاہتے تھے اور اس کے لیے پشت پناہی چاہتے تھے جو نہ ملنے پر پاگل ہو گئے ہیں۔
واضح رہے کہ 28نومبر 2022ءکو جنرل قمر جاوید باجوہ عہدے سے سبکدوش ہو گئے تھے جبکہ ان کے چند دن بعد سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید نے بھی ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔