استادتصدق علی خان کی یادمیں ایک شام کا انعقاد
لاہور(فلم رپورٹر)استادتصدق علی خان کی یادمیں ایک شام،شام چوراسی گھرانے سے تعلق رکھنے والے معروف کلاسیکل گلوکار،کمپوزر،میوزک کنسلٹنٹ،سابق سٹیشن ڈائریکٹر ریڈیو پاکستان سکردو مرکز، کیوں دور دور رہندے او حضورمیرے کولوں،تانگاں والے نین کدوں سکھ نال سون گے،گوریے میں جاناں پردیس اور کس طرح آئے گا قرار مجھے، جیسے درجنوں سپرہٹ گیتوں،غزلوں،”ساتھیو،مجاہدو،جاگ اٹھا ہے سارا وطن“اور”اے پتر ہٹاں تے نئیں وکدے“جیسے متعدد ملی نغموں اور جنگی ترانوں کی دھنیں تیار کرنے والے استاد تصدق علی خان کی یاد میں ایک شام لاہور پریس کلب کے زیر اہتمام منائی گئی۔نثارعثمانی ہال میں ہونے والی تقریب کی صدارت پرائیڈ آف پرفارمنس اداکار،صداکار راشد محمود نے کی جبکہ مہمانا ن خصوصی صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری،گلوکار انوررفیع، سینئر شوبز صحافی سید ساجد یزدانی، کلچرل جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے صدر طاہربخاری، حفیظ الرحمن مغل اور سید فاطر ولید تھے۔تقریب کی نظامت خواجہ آفتا ب حسن نے کی۔انہوں نے استاد تصدق علی خان کی زندگی اور کیرئیر کے حوالے سے ایک مضمون بھی پڑھا۔ ستاد تصدق علی خان کے صاحبزادے سعادت علی خان نے عارفانہ کلام اورکلاسیکل گائیکی پیش کی۔ سونیکا، شمون جمی، رحیم علی خان، شان اختر علی خان، اعجاز ساغر، نورافشاں، غلام عباس فراست، نے شاندار پر فارم کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے کہا کہ میں جب انڈیا گیا تو وہاں بھی شام چوراسی گھرانے کابے حداحترام دیکھا،کلاسیکل گائیکی کے حوالے سے شام چوراسی گھرانہ کسی تعارف کامحتاج نہیں،استاد تصدق علی خان جیسے فنکار پاکستان کاورثہ ہیں۔