پاکستان امریکہ کیساتھ قریبی، مستحکم تعلقات کے فروغ کا خواہاں ہے: چیئر مین سینیٹ
اسلام آباد(آئی این پی) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے امریکی سفارت خانے کے پولیٹیکل کونسلر مسٹر زیک ہارکن رائڈر نے ملاقات کی،ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرمین سینیٹ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دیرینہ اور وسیع البنیاد تعلقات موجود ہیں، اور امریکہ کے ساتھ تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ایک اہم جز ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ قریبی اور مستحکم تعلقات کے فروغ کا خواہاں ہے۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ قریبی تعلقات استوار کرنے کا متمنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں اور اس تسلسل کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ باہمی احترام اور اعتماد دو طرفہ تعلقات کے بنیادی اصول ہیں، اور پاکستان ان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان امریکہ کے ساتھ مل کر کام کرے گا، کیونکہ علاقائی امن کا اثر بین الاقوامی امن و سلامتی پر بھی پڑتا ہے۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے موسمیاتی تبدیلی، توانائی کے متبادل ذرائع، ماحول دوست زرعی ٹیکنالوجی، ویسٹ مینجمنٹ اور دیگر شعبوں میں امریکہ کے تجربات سے استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے امریکہ کی جانب سے سرمایہ کاری پاکستانی معیشت میں مزید بہتری لانے میں مددگار ثابت ہوگی۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے اور دو طرفہ تجارتی حجم کو بڑھانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے اس امر کی نشاندہی کی کہ امریکہ میں مقیم پاکستانی دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے میں ایک پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے اس امر پر خوشی کا اظہار کیا کہ پنجاب اور کیلیفورنیا کو جڑواں ریاستوں کا درجہ دیا گیا ہے، جس کی تقریب میں انہوں نے شرکت کی۔سید یوسف رضا گیلانی نے عوامی سطح پر رابطہ کاری کو دو طرفہ تعلقات کا ایک اہم پہلو قرار دیا اور کہا کہ اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے کی اشد ضرورت ہے۔چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ پارلیمانی سطح پر وفود کے تبادلوں سے عوامی سطح پر روابط کو مزید فروغ ملے گا۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ملاقات میں بطور وزیراعظم 2008-2012 کے درمیان اپنے مختلف امریکی دوروں کا ذکر بھی کیا اور کہا کہ امریکہ میں اعلیٰ سطح پر ملاقاتیں بھی ہوئیں تھیں۔
چیئرمین سینیٹ