رئیل اسٹیٹ انڈسٹری مضبوط ہو گی تو ریونیو بڑھے گا: سردار سلیم حیدر
لاہور (این این آئی)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے نائب صدر پاکستان پیپلز پارٹی چوہدری ایم ریاض کی قیادت میں لاہور ڈیلرز اینڈ بلڈرز کے وفد نے ملاقات کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ ریئل اسٹیٹ انڈسٹری ملک کی بڑی انڈسٹری ہے جس سے لاکھوں کی تعداد میں لوگوں کا روزگار وابستہ ہے۔ رئیل اسٹیٹ انڈسٹری مضبوط ہو گی تو ریونیو بڑھے گا اور معیشت بھی مضبوط ہو گی ریئل اسٹیٹ انڈسٹری پر بے جا ٹیکسز لگا کر ملک کا نقصان کیا گیا ٹیکسز کے حوالے سے تجاویز قیادت تک لیکر جاؤں گا ریئل اسٹیٹ کو دوبارہ اس طرح چلانے کی ضرورت ہے جیسے پہلے چل رہی تھی یہ بڑی خوش آئند بات ہے کہ ہاؤسنگ کے شعبے میں خاصی ترقی ہوئی ہے جس کے نتیجے میں عوام کو سستے اور معیاری گھروں کی فراہمی ممکن ہورہی ہے۔ اس شعبے کی ترقی سے کاروباری سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہورہا ہے اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معیار تعمیر کو بہتر بنانے کے ساتھ حفاظتی انتظامات کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا۔ وفد نے گورنر پنجاب کو ایف بی آر اور ایل ڈی اے سے متعلقہ اور دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔وفد نے بتایا کہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر کی زبوں حالی کی وجہ سے کئی لوگ بے روزگار ہورہے ہیں۔وفد نے کہا کہ حکومت اس اہم انڈسٹری پر توجہ دے۔گورنر پنجاب نے وفد کے مسائل کے حل کیلئے گورنر ہاؤس سے فوکل پرسن اور رئیلٹرز کے نمائندں پر مشتمل کمیٹی بنانے کا اعلان کیا۔وفد میں میاں مبشر سعیدصدر لاہور، صدر لاہور ریلٹرز ایسوسی ایشن، ماجد اسلام جے، سیکرٹری، عاطف عباس، ساجد گجر چیئرمین ماڈل ثان ایسوسی ایشن، ذیشان بٹ صدر ڈی ایچ اے ایسوسی ایشن اور دیگر شامل تھے۔
گورنر پنجاب