پورا صوبہ دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے،سکندر حیات خان شیر پاؤ

           پورا صوبہ دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے،سکندر حیات خان شیر پاؤ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور(سٹی رپورٹر)قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے پختونوں کے مشکلات کے خاتمے اورصوبہ میں پائیدار امن کے قیام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت پورا صوبہ دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے اور آئے روز کوئی نا کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما ہوتا ہے جس کی وجہ سے صوبہ پر بے یقینی اور مایوسی کی کیفیت طاری ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں ضلع چارسدہ کے یونین کونسل ڈھکی اور مندنی میں شہید وطن حیات محمد خان شیرپاؤ کی آنے والی برسی کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سکندر شیرپاؤ نے شہید لیڈر کو ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کے سنگین حالات سے نمٹنے اور پختونوں کے حقوق و تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے حیات شہید کے جوش وجذبہ کی ضرورت ہے اور جس طرح انھوں نے پختونوں کے حقوق و تحفظ کیلئے جدوجہد کرتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کرنے سے دریغ نہیں کیا اسی طرح ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پختون قوم کے حقوق و بہبود اور تحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔انھوں نے کہا کہ ہمارا صوبہ گزشتہ کئی عشروں سے نازک دور سے گزر رہا ہے اور صوبے کے عوام و معیشت نہ صرف بری متاثر ہو چکی ہیں بلکہ یہاں کی پسماندگی میں بھی حد درجے اضافہ ہوچکا ہے۔۔انھوں نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں پختونوں کو بد امنی کے ساتھ ساتھ سماجی و معاشی مسائل کا بھی سامنا ہے جبکہ بد قسمتی سے وفاقی اور صوبائی حکومتیں چھوٹے صوبوں اور باالخصوص پختونوں کے مسائل و مشکلات کی طرف کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے جس کی وجہ یہاں پر پائی جانے والی مایوسیوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور پختونوں کے حقوق و تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ان کی بد حالی کے خاتمے کیلئے عملی کردار ادا کیا جائے گا۔انھوں نے تمباکوکی خریداری میں کاشتکاروں کے ساتھ روا رکھے جانے والے رویوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ تمباکو کاشتکاروں کے کوٹے ختم یا کم کرنے سے گریز کیا جائے۔ سکندر شیرپاؤ نے ڈی آئی خان میں دہشت گرد حملہ کی بھی مزمت کی اور اس واقعہ میں جاں بحق ہونے والے 5اہلکاروں کے خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کیا۔