بچیوں کیساتھ زیادتی اور قتل کے واقعات میں اضافہ ،متاثرین کو انصاف فراہم کیا جائیگا :چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی

ملتان ( ڈیلی پاکستان آن لائن) چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے کہا ہے کہ سال 2024-25 کے دوران نابالغ بچیوں کے ساتھ زیادتی اور قتل کے واقعات کی رپورٹنگ میں اضافہ ہوا ہے، تاہم پنجاب پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کر دیا ہے۔ انہوں نے سی پی او آفس ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کو ہر ممکن قانونی مدد اور انصاف فراہم کیا جائے گا۔ پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم، خاص طور پر جنسی تشدد اور قتل کے مقدمات کے خلاف سخت اقدامات کر رہی ہے اور متاثرین کو بلا خوف و خطر مدد حاصل کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ایسے جرائم کی روک تھام کے لیے جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے، جس میں عوامی بیداری مہم، پولیس کی خصوصی تربیت، اور متاثرین کے لیے بحالی کے مراکز شامل ہیں۔ ان کا مقصد پنجاب کو خواتین اور بچوں کے لیے محفوظ ترین صوبہ بنانا ہے۔
چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی نے ملتان کے سی پی او آفس کا دورہ کیا اور جنسی زیادتی، خواتین کے قتل، اور دیگر مقدمات کے متاثرین اور ان کے خاندانوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر سمیت اعلیٰ پولیس افسران بھی موجود تھے۔ حنا پرویز بٹ نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مکمل قانونی مدد اور انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی ہیلپ لائنز، ایپس، اور شکایات کے مراکز 24 گھنٹے فعال ہیں تاکہ متاثرہ افراد بلا خوف و خطر اپنی شکایات درج کرا سکیں۔
حنا پرویز بٹ نے کہا کہ ملتان میں جدید سہولیات سے آراستہ واک سنٹر قائم کیا گیا ہے، جہاں خواتین کو ہر ممکن مدد فراہم کی جاتی ہے، اور ایسے مزید مراکز لاہور اور راولپنڈی میں بھی قائم کیے جائیں گے۔ حکومت کو ایک سال مکمل ہو رہا ہے، اور تاریخ میں پہلی بار ایک خاتون وزیر اعلیٰ قیادت کر رہی ہیں، جن کا بنیادی مقصد خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کا خاتمہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک 80 منصوبے شروع کیے جا چکے ہیں، جن میں سے 50 فیصد مکمل ہو چکے ہیں۔
انہوں نے تیزاب گردی کے حوالے سے کہا کہ پنجاب میں برن یونٹس کی تعداد کم ہے اور انہیں بڑھانے کی ضرورت ہے۔ پہلے لوگ کیس رپورٹ نہیں کرتے تھے، لیکن اب انہیں انصاف ملتا ہے تو وہ رپورٹ کرتے ہیں۔ انہوں نے زہرا کیس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیس بھی ملتان سے تھا اور اس پر سب نے مل کر کام کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم ہر متاثرہ فرد کے ساتھ کھڑی ہے اور انصاف کے حصول تک پیچھے نہیں ہٹے گی۔
اس موقع پر رکن قومی اسمبلی رانا قاسم نون، رکن صوبائی اسمبلی ملک قرار لانگ، ایس ایس پی انویسٹی گیشن رانا محمد اشرف، ایس پی سٹی ڈویژن حسن رضا کھاکھی، ایس پی کینٹ جاوید طاہر مجید، ڈی ایس پی سی آئی اے رضوان خان، اور ایس ایچ او واک ارم حنیف بھی موجود تھے۔