سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر سکالرشپ دے رہے ہیں:وزیر تعلیم  رانا سکندر حیات 

سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر سکالرشپ دے رہے ہیں:وزیر تعلیم  رانا سکندر حیات 
سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر سکالرشپ دے رہے ہیں:وزیر تعلیم  رانا سکندر حیات 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ دنیا کی بدلتی ہوئی ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے نوجوانوں میں ٹیکنالوجی کو پروموٹ کر رہے ہیں۔ جن طلباء کے پاس وسائل نہیں تھے، پارٹی وابستگی سے بالاتر ہو کر انہیں سکالرشپ دی اور ان کے خوابوں کو پورا کرنے کی ذمہ داری لی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب بھر کے بورڈز میں ٹاپ کرنے والے انٹرمیڈیٹ کے طلباء میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 وزیر تعلیم نے سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن فرخ نوید، چیئرمین وزیر اعلیٰ ٹاسک فورس برائے تعلیم مزمل محمود، چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن زید بن مقصود اور سیکرٹری لاہور بورڈ رضوان نذیر کے ہمراہ تمام بورڈز کے 272 ٹاپر طلباء میں انعامات تقسیم کئے اور ان کی محنت کی داد دیتے ہوئے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہر مستحق طالبعلم کے خوابوں کی تکمیل کا ذمہ خود لیا ہے۔ رواں سکالر شپ پروگرام سے 1400 ڈاکٹرز کی فیس بھی ادا ہوگی جبکہ آئندہ 5 سالوں میں جتنے طلبا میڈیکل کا شعبہ اختیار کریں گے ان میں سے 50 فیصد طلباء کی فیس سکالرشپ پروگرام کے ذریعے ادا کی جائے گی۔

 رانا سکندر حیات نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، فرخ نوید، مزمل محمود، زید بن مقصود اور رضوان نذیر کی جانب تمام طلباء، ان کے والدین اور اساتذہ کو کامیابی پر مبارکباد بھی پیش کی اور کہا کہ وسائل کی کمی کے باوجود نوجوانوں کا محنت کرنا اور تعلیم کے میدان میں بہترین پرفارم کرنا قابل تحسین ہے۔ حکومت پنجاب اور ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے پہلی پوزیشن لینے والے تمام طلباء کیلئے پانچ 5 لاکھ، سیکنڈ پوزیشن والے طلباء کیلئے 3 اور تیسری پوزیشن کے حامل طلباء کیلئے 1 لاکھ روپے کے اعلان کے علاؤہ پروگرام کے دوران مختلف سرگرمیوں میں حصہ لینے والے طلباء کیلئے پچاس 50 ہزار روپے کیش پرائز کا بھی اعلان کیا۔ وزیر تعلیم نے نوجوانوں کو آئندہ چند روز میں لیپ ٹاپ سکیم کے اجراء کی خوشخبری بھی سنائی۔ اس موقع پر وزیر تعلیم نے طلباء کے مسائل بھی سنے اور موقع پر حل کرنے کے احکامات بھی دئیے۔