شادی سے ایک دن قبل نوجوان لڑکی کی خودکشی، محبوب نے کلائی کاٹ لی مگر بچ گیا

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست کیرالہ کے ضلع ملاپورم میں ایک 18 سالہ لڑکی نے شادی سے ایک دن قبل خودکشی کر لی۔ شائمہ سنیور نامی لڑکی اپنے 19 سالہ ہمسائے ساجیر سے محبت کرتی تھی لیکن اس کے اہل خانہ نے اس کا رشتہ کسی اور سے طے کر دیا۔ شادی سے صرف ایک ہفتہ قبل اس کی منگنی کر دی گئی جس کے بعد وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہو گئی۔ شائمہ اپنے والد کی وفات کے بعد اپنے ماموں کے گھر رہتی تھی۔ اس نے اپنی فیملی کو کئی بار سمجھانے کی کوشش کی کہ وہ ساجیر سے شادی کرنا چاہتی ہے، مگر گھر والوں نے اس کی ایک نہ سنی۔ شادی کا دن قریب آتے ہی وہ مزید پریشان ہوتی گئی، اور آخرکار اس نے ماموں کے گھر کی چھت پر پھانسی لگا کر اپنی جان دے دی۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق شائمہ کی خودکشی کی خبر ملتے ہی ساجیر نے بھی اپنی کلائی کاٹ لی، تاہم اسے فوری طور پر منجری میڈیکل کالج لے جایا گیا، جہاں وہ اب خطرے سے باہر بتایا جا رہا ہے۔ پولیس نے اس معاملے میں غیر فطری موت کا مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔